آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
سری لنکا کے 182 رنز کے تعاقب میں پاکستانی بلے بازوں کی شاندار بیٹنگ، پاکستان مضبوط پوزیشن میں
سری لنکا نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے ہیں اور میزبان ٹیم کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا ہے۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے جارحانہ آغاز کیا تاہم 50 رنز کے مجموعے پر فخر زمان 13 گیندوں پر 21 رنز بنا کر ایشان ملنگا کی گیند پر وکٹ کیپر لاہیرو اُدارا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
فخر زمان کے ابتدائی نقصان کے بعد کپتان صاحبزادہ فرحان اور نوجوان بلے باز معاذ صداقت نے اننگز کو سنبھالتے ہوئے تیز رفتار شراکت قائم کی۔ فرحان نے اپنی نصف سنچری مکمل کر لی ہے جبکہ معاذ صداقت نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، جس کے باعث پاکستان ہدف کے تعاقب میں واضح طور پر بہتر پوزیشن میں دکھائی دے رہا ہے۔
پاکستانی ٹیم نے 11 اوورز کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 115 رنز بنا لیے ہیں اور اسے جیت کے لیے 54 گیندوں پر مزید 68 رنز درکار ہیں۔
اس سے قبل راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستانی فاسٹ بولرز نے ابتدا میں مہمان ٹیم پر دباؤ برقرار رکھا۔
کوشل مینڈس پہلے ہی اوور میں صرف ایک رن بنا کر نسیم شاہ کا شکار بنے جبکہ کامل مشارا بھی 13 گیندوں پر چھ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
ابتدائی دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد لاہیرو اُدارا نے اننگز کو سنبھالا اور پہلے کامندو مینڈس کے ساتھ اہم شراکت قائم کی۔ کامندو مینڈس نے 18 گیندوں پر 23 رنز بنائے تاہم وہ صائم ایوب کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد سہان آراچچیگے صرف ایک رن بنا سکے اور محمد عمران نے انھیں آؤٹ کر کے پاکستان کو ایک اور کامیابی دلائی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سری لنکا ایک مرحلے پر چار وکٹوں کے نقصان پر 87 رنز بنا چکا تھا تاہم لاہیرو اُدارا نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ انھوں نے اپنی ٹی20 انٹرنیشنل کریئر کی پہلی نصف سنچری مکمل کی اور بعد ازاں داسن شاناکا کے ساتھ بھی مفید شراکت قائم کی۔ شاناکا نے 15 گیندوں پر 18 رنز بنائے جن میں دو چھکے شامل تھے، تاہم وہ شاداب خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اننگز کے آخری اوورز میں اُدارا نے پاکستانی باؤلرز پر دباؤ بڑھایا اور 55 گیندوں پر 91 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 11 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ وہ آخری دو اوورز میں نسیم شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے اور سنچری مکمل کرنے سے محروم رہ گئے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ سب سے کامیاب باؤلر رہے جنھوں نے چار اوورز میں 36 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔
ڈیبیو کرنے والے محمد عمران نے بھی متاثر کن بولنگ کرتے ہوئے چار اوورز میں 21 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
صائم ایوب، شاداب خان اور ایک اور ڈیبیو کرنے والے رضا اللہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ رضاء اللہ نے اپنی ٹی20 انٹرنیشنل کریئر کی پہلی وکٹ حاصل کرتے ہوئے مہیش تھیکشانا کو آؤٹ کیا۔
اگرچہ پاکستان نے ابتدائی اوورز میں میچ پر اپنی گرفت مضبوط کیے رکھی، تاہم لاہیرو اُدارا کی بیٹنگ نے سری لنکا کو ایک ایسے مجموعے تک پہنچا دیا جو راولپنڈی کی بیٹنگ کے لیے سازگار تصور کی جانے والی وکٹ پر مقابلہ کرنے کے لیے کافی سمجھا جا رہا ہے۔
تین میچوں کی اس سیریز کے باقی دو مقابلے 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی میں ہی کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے سہ فریقی سیریز کا آغاز ہو گا۔
پاکستان ٹیلی ویژن کے مطابق پاکستان، سری لنکا ٹی ٹوئنٹی اور سہ ملکی کرکٹ سیریز کے لیے راولپنڈی میں تقریباً چھ ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ شائقین کے لیے تین پارکنگ مقامات اور متبادل راستے مختص کیے گئے ہیں۔