’یہ ہے پرل ہاربر کا بدلہ‘

امریکی خواتین ٹیم کی مداح جیت کے بعد خوشی کا اظہار کر رہی ہیں
،تصویر کا کیپشنامریکی خواتین ٹیم کی مداح جیت کے بعد خوشی کا اظہار کر رہی ہیں
وقت اشاعت

امریکہ کی خواتین فٹبال ٹیم کی جانب سے جاپان کو فائنل میں شکست کے دینے بعد ٹوئٹر پر ایک ہنگامہ شروع ہو گیا۔

یہ ہنگامہ اس وقت شروع ہوا جب چند مداحوں نے امریکی خواتین ٹیم کی اس فتح کا تعلق جاپان کی جانب سے سنہ 1941 میں امریکی بحری اڈے پرل ہاربر پر کیے جانے والے حملے سے جوڑ دیا۔

ایک امریکی صارف کلائیڈ ریورز نے ٹویٹ کی: ’یہ ہے پرل ہاربر کا بدلہ۔‘

پرل ہاربر نامی ہیش ٹیگ چند گھنٹوں کے دوران ہی امریکی ٹوئٹر صارفین میں ٹاپ ٹرینڈنگ کرنے لگا اور اس پر ہزاروں ٹویٹس کی گئیں۔

ان کے اس ٹویٹ کو 8,500 سے زائد بار ری ٹویٹ کیا گیا اور یہ 11,000 سے زائد بار پسندیدہ ٹویٹ رہا۔

ایک اور صارف شان گارشیا نے ٹویٹ کیا: ’جاپانیوں نے پرل ہاربر کو تباہ کیا تاہم ہم نے ان کے خواب چکناچور کر دیے۔‘

دیگر صارفین نے امریکی کی جانب سے جاپانی شہروں ناگا ساکی اور ہیرو شیما پر ایٹم بم گرائے جانے کا حوالہ دیا جبکہ ایک اور صارف نے یہاں تک کہہ دیا: ’کوئی ہماری خواتین ٹیم کو یہ بتانا کیوں بھول گیا کہ ہم پہلے ہی پرل ہاربر کا بدلہ لے چکے ہیں۔‘

دوسری جانب متعدد ٹوئٹر صارفین نے چند مداحوں کی جانب سے منفی رویے پر تنقید بھی کی۔

ایک ٹوئٹر صارف ٹیلر پیری نے ٹویٹ کی: ’پرل ہاربر کوئی مذاق نہیں تھا، ہیرو شیما اور ناگاساکی بھی مذاق نہیں تھا، یہ جنگِ عظیم دوم نہیں ہے بلکہ یہ سنہ 2015 میں خواتین کا فٹبال میچ ہے۔‘

امریکہ کی خواتین فٹبال ٹیم نے اتوار کو جاپان کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے تھی
،تصویر کا کیپشنامریکہ کی خواتین فٹبال ٹیم نے اتوار کو جاپان کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے تھی

ایک اور صارف نے ٹویٹ کی: ’کیا ہم سب صرف کھیل کو دیکھ کر اس کا مزا نہیں لے سکتے؟‘

دیگر ٹوئٹر صارفین جاپانی مداحوں کے دفاع کرنے لگے۔

ایک ٹوئٹر صارف گنج نے کہا: ’آپ مذاحیہ نہیں ہیں، آپ ایک خوفناک انسان ہیں۔‘