تباہ شدہ مصری طیارے کے ملبے کی تصاویر جاری

وقت اشاعت

مصری حکام نے جمعرات کو بحیرۂ روم میں حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے ملبے کی تصاویر جاری کی ہیں۔

مصر کی فوج کے مطابق طیارے کے ملبے کی تلاش کے دوران انھیں طیارے کا کچھ ملبہ ملا ہے جس میں لائف جیکٹس، طیارے کی نشستوں کے کچھ حصوں کے علاوہ ایسی اشیا ملی ہیں جن پر واضح طور پر ’ایجپٹ ایئر‘ لکھا دیکھا جاسکتا ہے۔

ایجپٹ ایئر کی پرواز ایم ایس 804 پیرس سے قاہرہ جاتے ہوئے یونان کے جزیرے کیرپاتھوس کے قریب لاپتہ ہوگئی تھی۔ اس میں 66 افراد سوار تھے۔

اس سے قبل طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی تحقیقات کرنے والے تفتیش کاروں نے کہا تھا کہ حادثے کا شکار ہونے سے قبل طیارے کے کیبن سے دھوئیں کے الرٹ ملے تھے۔

ایوی ایشن ہیرلڈ کی ویب سائٹ پر شائع رپورٹ کے مطابق طیارے کا سگنل منقطع ہونے سے چند منٹ قبل ٹوائیلٹ اور طیارے کے بجلی کے نظام میں دھوئیں کا پتہ چلا تھا۔

ایوی ایشن ہیرلڈ نے کہا ہے کہ انھیں ایئرکرافٹ کمیونیکیشن ایڈریسنگ اینڈ رپورٹنگ سسٹم (اے سی اے آر ایس) کے ذریعے تین آزاد ذرائع سے یہ تفصیلات ملی ہیں۔

اس میں کہا گیا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق دو بج کر 26 منٹ پر ایک ایئر بس اے 320 کے ٹوائیلٹ میں دھواں دیکھا گیا جس کے ایک منٹ بعد دھوئیں کا الرٹ جاری کیا گیا۔

طیارے کو پیش آنے والے حادثے بارے میں مصر کی سول ایوی ایشن کے وزیر نے کہا ہے کہ ’تکنیکی خرابی سے زیادہ دہشتگردی کا ممکنہ خطرہ زیادہ ہے۔‘