ہم نے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے: افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے کپتان اصغر افغان

،تصویر کا ذریعہGetty Images
افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے کپتان اصغر افغان نے ایشیا کپ کےآغاز پر کہا تھا کہ ان کی ٹیم یہ ٹورنامنٹ صرف کھیلنے نہیں آئی ہے بلکہ کچھ کرنے کے لیے آئی ہے اور اب جب ان کے لیے یہ ٹورنامنٹ ختم ہوچکا ہے وہ کہتے ہیں کہ اس ٹیم نے بہت کچھ کردکھایا ہے جس پر انہیں فخر ہے۔
یاد رہے کہ افغانستان نے ایشیا کپ کے گروپ میچوں میں سری لنکا اور بنگلہ دیش کو واضح فرق سے شکست دی جس کے بعد سپر فور مرحلے میں اس نے انتہائی سخت مقابلوں کے بعد پاکستان اور بنگلہ دیش کے خلاف آخری اوور میں شکست کھائی جبکہ انڈیا کے خلاف میچ اس نے دلچسپ مقابلے کے بعد ٹائی پر ختم کیا۔
اصغرافغان کا کہنا ہے کہ دبئی کی کنڈیشنز کوان کی ٹیم سے زیادہ بہتر کون سمجھ سکتا ہے لیکن بدقسمتی سے ایشیا کپ میں انہیں اپنے تمام میچز ابوظہبی میں کھیلنے پڑے جہاں کی کنڈیشنز ان کی بولنگ کے حق میں نہیں تھیں۔
اصغر افغان ازراہ تفنن کہتے ہیں کہ ان کے ساتھ تھوڑی سی بے وفائی ہوگئی۔ اگر ان کی ٹیم کو دبئی میں میچز کھیلنے مل جاتے تو وہ یقین سے کہتے ہیں کہ افغانستان کی ٹیم ایشیا کپ کا فائنل کھیلتی۔
اصغرافغان کا کہنا ہے کہ کنڈیشنز اپنے حق میں نہ ہونے کے باوجود ان کے بیٹسمینوں اور بولرز نے بہت ہی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیاصرف تجربے کی کمی آڑے آئی لیکن اس ٹورنامنٹ سے کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اصغرافغان کہتے ہیں کہ اس پرفارمنس کے بعد یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ افغانستان کی ٹیم نے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اصغر افغان کے خیال میں انڈیا کی عالمی نمبر دو ٹیم کے خلاف میچ ٹائی کرنا یہ افغانستان کا سب سے بہترین نتیجہ کہا جاسکتا ہے۔ اس ایشیا کپ میں انہیں ان چاروں ٹیموں سے کھیلنے کا موقع ملا جو ورلڈ کپ میں موجود ہونگی لہذا افغانستان کو اپنی خامیوں کو دور کرکے ورلڈ کپ کی تیاری میں مدد ملے گی۔
اصغرافغان اس تاثر سے اتفاق نہیں کرتے کہ ان کی ٹیم کی کامیابیاں صرف اور صرف سپنرز کی مرہون منت ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ان کنڈیشنز میں سپنرز نے یقیناً عمدہ کارکردگی کامظاہرہ کیا ہے لیکن ان کے فاسٹ بولرز بھی بہت اچھے ہیں بدقسمتی سے اس وقت ان کے چار فاسٹ بولرز ان فٹ ہیں لیکن جہاں تک ان کے اسپنرزکاتعلق ہے تو وہ اتنے اچھے اور مختلف ہیں کہ کسی بھی کنڈیشن میں بولنگ کرسکتے ہیں۔
اصغرافغان کا کہنا ہے کہ کوچ فل سمنز نے ٹیم کی سوچ یکسر تبدیل کردی ہے اور ٹیم کو اس کا اصل مقام بتایا ہے جو پہلے ٹیم کو معلوم نہیں تھا۔


























