آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

لائیو, سعودی فوجی اتحاد کا ریاض، طائف اور ینبع کی جانب داغے گئے میزائل فضا میں ہی تباہ کرنے کا دعویٰ

یمن میں بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کرنے والے اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی کے مطابق ’سعودی عرب کے شہروں طائف اور ینبع کی طرف داغے گئے دو بیلسٹک میزائل فضائی دفاعی نظام نے روک کر تباہ کر دیے گئے ہیں۔‘ اس سے قبل سعودی سول ڈیفنس نے جدہ، مکہ مکرمہ، طائف اور ینبع کے رہائشیوں کو ممکنہ خطرے سے متعلق الرٹ جاری کیا تھا۔

خلاصہ

لائیو کوریج

  1. ریاض، طائف اور ینبع کی جانب داغے گئے میزائل فضا میں روک کر تباہ، سعودی فوجی اتحاد کا دعویٰ

    سعودی عرب کے زیرِ قیادت فوجی اتحاد نے سعودی عرب کے مختلف علاقوں کی طرف داغے گئے بیلسٹک میزائلوں اور ایک ڈرون کو روک کر تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    یمن میں بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کرنے والے اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی کے مطابق ’سعودی عرب کے شہروں طائف اور ینبع کی طرف داغے گئے دو بیلسٹک میزائل فضائی دفاعی نظام نے روک کر تباہ کر دیے گئے ہیں۔‘

    اس سے قبل سعودی سول ڈیفنس نے جدہ، مکہ مکرمہ، طائف اور ینبع کے رہائشیوں کو ممکنہ خطرے سے متعلق الرٹ جاری کیا تھا اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت دی تھی۔ تاہم چند منٹ بعد حکام نے اعلان کیا کہ خطرہ ٹل گیا ہے۔

    سعودی عرب پر حالیہ ہفتوں کے دوران (مبینہ طور پر) یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملوں کی کوششوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

    اسی تناظر میں سعودی سول ڈیفنس نے ریاض، نجران اور وادی الدواسر میں بھی ممکنہ خطرے کی وارننگ جاری کی تھی اور ابتدائی انتباہی نظام کو فعال کیا گیا تھا۔ بعد ازاں حکام نے اعلان کیا کہ ان علاقوں میں بھی خطرہ ختم ہو گیا ہے۔

    اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ فضائی دفاعی نظام نے انصار اللہ کی جانب سے ریاض کی طرف داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو بھی روک کر تباہ کر دیا۔

    المالکی کے مطابق ’مشرقی علاقے میں حوثیوں کی جانب سے بھیجے گئے ایک ڈرون کو بھی سنیچر کی صبح ناکارہ بنا دیا گیا۔

    حوثیوں کی جانب سے ان دعوؤں پر فوری ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

  2. پاکستان نے زلمے خلیل زاد کے افغان شہریوں کو مسلح کرنے کے الزامات کو مسترد کر دیا

    پاکستان نے امریکی سفارتکار زلمے خلیل زاد کے ان الزامات کو مسترد کیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ پاکستان سابق افغان شہریوں کو طالبان اور ان کے حامی گروہوں کے خلاف لڑنے کے لیے مسلح کر رہا ہے۔

    پاکستان کی وزارتِ اطلاعات و نشریات کے فیکٹ چیک اکاؤنٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں زلمے خلیل زاد کے الزامات کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیوں کو افغان شہریوں کی بھرتی یا افغانستان کے اندر مسلح گروہوں کی حمایت سے جوڑنا درست نہیں۔

    یاد رہے کہ 23 اکتوبر کو زلمے خلیل زاد نے ایکس پر ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ افغانستان میں طالبان کے خلاف لڑائی کے لیے افغانوں کو مسلح کیے جانے کی متعدد اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔

    ان کے مطابق اب ایسی رپورٹس بھی سامنے آ رہی ہیں جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستانی فوج پاکستان مخالف مسلح گروہوں کے خلاف لڑنے کے لیے افغان شہریوں کو بھرتی کر رہی ہے۔ زلمے خلیل زاد نے کہا تھا کہ موجودہ صورتحال میں افغانستان اور پاکستان کے تعلقات مزید خراب ہونے کا امکان ہے۔

    اس بیان کے جواب میں وزارتِ اطلاعات و نشریات کے فیکٹ چیک اکاؤنٹ نے کہا کہ پاکستان کی کارروائیاں ان گروہوں کے خلاف ہیں جو افغان طالبان کے زیرِ انتظام علاقوں سے سرگرم ہیں اور پاکستان کے لیے سکیورٹی خطرہ سمجھے جاتے ہیں۔

    بیان میں کہا گیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف کوششوں میں پیش پیش رہا ہے اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے بڑی قربانیاں دے چکا ہے۔

    اس میں مزید کہا گیا کہ اقوامِ متحدہ کی نگرانی سے متعلق متعدد رپورٹس میں افغانستان میں دہشت گرد تنظیموں، جن میں تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور القاعدہ شامل ہیں، کی موجودگی اور سرگرمیوں کا ذکر کیا گیا ہے۔

    بیان کے مطابق یہ الزامات افغان طالبان حکومت کی اس ذمہ داری سے توجہ ہٹاتے ہیں کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔

    بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ زلمے خلیل زاد کی جانب سے ایسے غیر مصدقہ الزامات کو دہرانا ان کے نقطۂ نظر کی عکاسی کرتا ہے۔

  3. اب تک کی اہم خبروں کا خلاصہ

    بی بی سی اردو کی لائیو کوریج جاری ہے تاہم آگے بڑھنے سے قبل صبح سے اب تک کی اہم خبروں کا خلاصہ پیش خدمت ہے۔

    • پاکستان کے وفاقی ادارہ شماریات نے اس ہفتے ملک میں مہنگائی کے اعداد و شمار میں بھی ایل پی جی کی قیمت میں بڑے اضافے کی تصدیق کی ہے۔ پاکستان میں ایل پی جی شعبے کے وابستہ ڈیلرز کے مطابق ملک میں 11.67 کلو ایل پی جی سلینڈر کی قیمت 7000 روپے تک پہنچ گئی ہے جو گذشتہ ہفتے 4500 روپے تھی۔
    • سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے خبردار کیا ہے کہ میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے کی کارروائیوں کی ویڈیوز بنانے اور ان کارروائیوں یا ان کے ملبہ گرنے کے مقامات سے متعلق معلومات شائع یا دوبارہ شیئر کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
    • اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر الخلیل میں دو اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد فلسطینی عمارتیں مسمار کرنا شروع کر دی ہیں۔
    • اردن کے دارالحکومت عمان میں امریکی سفارت خانے نے جمعے کو ایک چرچ پر حملے کے بعد ملک میں شاپنگ مالز، غیر ملکی سفارت خانوں اور دیگر مقامات پر سکیورٹی بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ اردن کے حکام نے اس حملے کو انتہا پسندوں کی جانب سے کی جانے والی ’دہشت گردی‘ کی کارروائی قرار دیا ہے۔
    • ایرانی پارلیمان کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے رکن فدا حسین مالکی نے الزام عائد کیا ہے کہ سیستان و بلوچستان میں حالیہ بدامنی کے پیچھے دو عرب ملکوں کے ’واضح آثار‘ موجود ہیں۔
    • انڈیا کی ریاست بہار کے ضلع سیوان کے گاؤں عالم پور میں ایک گھر میں آتش بازی کا سامان بنانے کے دوران شدید دھماکہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں پانچ افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔
    • روس میں ایران کے سفیر کاظم جلالی نے اعلان کیا ہے کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان منگل 27 اکتوبر کو گیس برآمد کرنے والے ممالک کے فورم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ماسکو جائیں گے۔
    • امریکہ کے محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے چینی زبان اور ثقافت کی تعلیم دینے والے اداروں ’کنفیوشس انسٹی ٹیوٹس‘ کو امریکی قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔
    • ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ تہران اور ماسکو کے درمیان مشاورت کا سلسلہ آئندہ ہفتے روس کے دارالحکومت ماسکو میں جاری رہے گا، جہاں دونوں ممالک کے صدور مسعود پزشکیان اور ولادیمیر پوتن بھی موجود ہوں گے۔
  4. دو اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد الخلیل میں فلسطینی عمارتیں مسمار کرنے کا آغاز

    اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر الخلیل میں دو اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد فلسطینی عمارتیں مسمار کرنا شروع کر دی ہیں۔

    اسرائیلی حکام کے مطابق یہ فوجی ایک چیک پوسٹ پر دو فلسطینی مسلح افراد کے حملے میں ہلاک ہوئے، جبکہ تین دیگر فوجی زخمی ہوئے۔ دونوں حملہ آوروں کو بھی گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

    اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ’فوج اس محلے کو ’تباہ‘ کر دے گی جہاں سے حملہ آوروں کا تعلق بتایا جاتا ہے۔‘ انھوں نے مغربی کنارے میں کئی دہائیوں کی سب سے بڑی فوجی کارروائی کے منصوبوں کا جائزہ لینے کا بھی دعویٰ کیا تاہم اس کی تاریخ نہیں بتائی۔

    فلسطینیوں کے حملوں کے شبہے میں ان کے گھروں کو مسمار کرنے کی اسرائیلی پالیسی پر انسانی حقوق کی تنظیمیں تنقید کرتی رہی ہیں اور اسے اجتماعی سزا قرار دیتی ہیں۔

    یہ واقعہ اسرائیل میں عام انتخابات سے چار دن قبل پیش آیا ہے۔ نیتن یاہو نے سکیورٹی کو اپنی انتخابی مہم کا اہم موضوع بنایا ہے۔ ان کے مطابق، الخلیل اور قریبی شہر حلحول کے گرد بھی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔

  5. یمن کے تعز اور صعدہ میں سعودی فضائی حملے، مختلف علاقوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

    یمن کے دو خبر رساں اداروں ’سبا‘ اور ’یمن پریس ایجنسی‘ کے مطابق، سنیچر کے روز سعودی جنگی طیاروں نے یمن کے صوبوں تعز اور صعدہ کے مختلف علاقوں پر متعدد فضائی حملے کیے ہیں۔

    یمنی خبر رساں ادارے ’سبا‘ نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ تعز کے ضلع المخا پر تین فضائی حملے کیے گئے، جبکہ صوبہ صعدہ کے ضلع کتاف و البقع کو دو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا گیا۔

    دوسری جانب ’یمن پریس ایجنسی‘ نے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ سعودی طیاروں نے صعدہ شہر کے مشرقی حصے پر تین، ضلع سحر پر مزید تین اور ضلع کتاف و البقع پر دو فضائی حملے کیے۔

    ان اطلاعات کے مطابق، سنیچر کے روز صعدہ کے متعدد علاقوں میں فضائی حملے کیے گئے۔ تاہم، ان حملوں میں ہونے والے جانی یا مالی نقصان کے بارے میں فراہم کردہ اطلاعات میں کوئی تفصیل نہیں دی گئی۔

  6. ایرانی رکنِ پارلیمان کا سیستان و بلوچستان میں بدامنی میں دو عرب ملکوں کے ملوث ہونے کا الزام

    ایرانی پارلیمان کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے رکن فدا حسین مالکی نے الزام عائد کیا ہے کہ سیستان و بلوچستان میں حالیہ بدامنی کے پیچھے دو عرب ملکوں کے ’واضح آثار‘ موجود ہیں۔

    ایرانی خبر رساں ادارے ایلنا سے گفتگو کرتے ہوئے فدا حسین مالکی نے ان دونوں ملکوں کے نام تو نہیں بتائے، تاہم کہا کہ اس خطے میں ’جدید آلات اور ماہر اہلکار‘ بھیجنے کے معاملے کی پیروی کی جا رہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جنگی حالات میں مسلح گروہوں کی سرگرمیوں اور سرحدی علاقوں میں بدامنی پیدا کرنے کی کوششوں کو محض الگ تھلگ سکیورٹی اقدامات کے تناظر میں نہیں دیکھا جا سکتا، بلکہ ان کے سیاسی، سماجی اور علاقائی پہلوؤں کے ساتھ ساتھ اس امکان کو بھی مدِنظر رکھنا چاہیے کہ بیرونی عناصر جنگی حالات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

    ایرانی میڈیا نے 12 اکتوبر کو خبر دی تھی کہ صوبہ سیستان و بلوچستان کے علاقے مہرستان میں دو الگ الگ حملوں کے دوران خواتین کی بسیج فورس کی ایک کمانڈر اور ایک پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔

    خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، مسلح افراد نے مہرستان میں پولیس کی ایک گاڑی پر حملہ کیا۔ جھڑپ کے دوران ایک اہلکار زخمی ہوئے اور ہسپتال منتقل کیے جانے کے بعد دم توڑ گئے۔

    اس سے قبل آٹھ اکتوبر کو سیستان و بلوچستان پولیس کمان کے نائب سربراہ برائے ثقافتی و سماجی امور نصرت افتخاری زاہدان میں چشمہ زیارت کے راستے پر سڑک کنارے نصب بم کے دھماکے میں ہلاک ہو گئے تھے۔

    گذشتہ چند ہفتوں کے دوران صوبہ سیستان و بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مسلح جھڑپوں اور پولیس کی چوکیوں اور پیٹرولنگ کرنے والی گاڑیوں پر حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

  7. چرچ پر حملے کے بعد اردن میں امریکی سفارت خانے کی سکیورٹی بڑھانے کا اعلان

    اردن کے دارالحکومت عمان میں امریکی سفارت خانے نے جمعے کو ایک چرچ پر حملے کے بعد ملک میں شاپنگ مالز، غیر ملکی سفارت خانوں اور دیگر مقامات پر سکیورٹی بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔

    اردن کے حکام نے اس حملے کو انتہا پسندوں کی جانب سے کی جانے والی ’دہشت گردی‘ کی کارروائی قرار دیا ہے۔

    اردن کے محکمہ پبلک سکیورٹی کے سربراہ کے مطابق، کرکوک کے علاقے میں ایک یونانی آرتھوڈوکس چرچ میں تدفین کی تقریب کے دوران مسلح افراد کی فائرنگ سے سات افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

    اردن میں اس نوعیت کے حملے شاذ و نادر ہی ہوتے ہیں، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران انھوں نے شدت پسندوں کے کئی حملوں کی کوششیں ناکام بنائی ہیں۔

    اردنی حکام کے مطابق، حملے میں ملوث افراد کی تلاش جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ طے کرنا قبل از وقت ہے کہ حملہ آوروں کا تعلق اردن کے اندر یا باہر سرگرم کسی معروف گروہ سے تھا یا نہیں۔

  8. سعودی عرب کی میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے کی کارروائیوں کی ویڈیوز بنانے پر قانونی کارروائی کی تنبیہ

    سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے خبردار کیا ہے کہ میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے کی کارروائیوں کی ویڈیوز بنانے اور ان کارروائیوں یا ان کے ملبہ گرنے کے مقامات سے متعلق معلومات شائع یا دوبارہ شیئر کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    محکمہ شہری دفاع نے عربی، انگریزی، اردو، ہندی اور بنگالی سمیت کئی زبانوں میں جاری پیغام میں واضح کیا کہ اس تنبیہ کو نظر انداز کرنے والوں کو قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    یہ تنبیہ ایسے وقت میں جاری کی گئی ہے جب اس سے چند گھنٹے قبل سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سمیت مختلف علاقوں میں ابتدائی انتباہی نظام فعال کیے گئے تھے۔

    تاہم بعد ازاں محکمہ شہری دفاع نے اعلان کیا تھا کہ ان علاقوں میں خطرہ ٹل گیا ہے۔

  9. پاکستان میں ایل پی جی کی قیمت 600 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان میں ایل پی جی کی قیمت میں حالیہ دنوں میں بڑا اضافہ دیکھا گیا گیا ہے اور اس کی قیمت پاکستان میں 600 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی۔

    پاکستان کے وفاقی ادارہ شماریات نے اس ہفتے ملک میں مہنگائی کے اعداد و شمار میں بھی ایل پی جی کی قیمت میں بڑے اضافے کی تصدیق کی ہے۔ پاکستان میں ایل پی جی شعبے کے وابستہ ڈیلرز کے مطابق ملک میں 11.67 کلو ایل پی جی سلینڈر کی قیمت 7000 روپے تک پہنچ گئی ہے جو گذشتہ ہفتے 4500 روپے تھی۔

    ادارہ شماریات کے مطابق موجودہ ہفتے کے اختتام تک گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں ایل پی جی کی قیمت میں 22.50 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب کہ گذشتہ سال کے اکتوبر کے اس ہفتے کے مقابلے میں ایل پی جی کی قیمت میں 107 فیصد زیادہ ہو چکی ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں تیل و گیس شعبے کے نگران ادارے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے ملک میں اکتوبر کے مہینے کے لیے ایل پی جی کی قیمت 279 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے تاہم اس وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں ایل پی جی 550 روپے کلو سے لے کر 610 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔

    پاکستان میں ایل پی جی کا استعمال سردیوں کے موسم کے آغاز پر بڑھ جاتاہے اور اس کی طلب میں اضافے کی وجہ سے قیمت میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے تاہم موجودہ سیزن میں اس کی قیمت میں بڑے اضافے کی وجہ سے ایران کے ساتھ سرحد کی بندش کی وجہ سے ایل پی جی کی سپلائی میں تعطل ہے۔

    پاکستان میں مقامی ریفائنریوں اور آئل و گیس فیلڈ سے ایل پی جی کی پیداوار کے علاوہ ایران سے ایل پی جی درآمد کی جاتی ہے۔

    پاکستان میں ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے قیمتوں میں اضافے کی تصدیق کی۔ انھوں نے خبردار کیا کہ ’آنے والے دنوں میں قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران سرحد کی بندش سے سپلائی متاثر ہوئی ہے۔‘

    ‘تاہم اس کے ساتھ ریگولیٹر ادارے کی جانب سے سرکاری قیمت پر ایل پی جی کی فروخت کو یقینی نہ بنانا ہے، حالانکہ سرکاری نرخ میں ڈسٹری بیوٹرز کے لیے بھی اچھا منافع شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایل پی جی کی زیادہ تر سپلائی مقامی ریفائنریوں اور گیس فیلڈز سے آتی ہے، لیکن کسی روک ٹوک کے بغیر اس کی بلیک مارکیٹنگ کی جا رہی ہے۔‘

  10. امریکی بحری جہازوں کو دوبارہ خلیجِ فارس میں داخل نہیں ہونے دیں گے: ایرانی مسلح افواج کے سربراہ

    ایرانی مسلح افواج کے سربراہ علی عبداللہی نے کہا ہے کہ امریکہ کے بحری جہازوں کو دوبارہ خلیجِ فارس میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    علی عبداللہی نے کہا کہ ’امریکی صدر کے لیے ایسا سوچنا بس ایک خواب ہے اور اُس کے علاوہ اور کُچھ نہیں کہ ان کی فوج اور بحریہ دوبارہ خلیجِ فارس میں داخل ہوں گی۔‘ ان کے بقول ’وہ (امریکی صدر) اپنا یہ خواب ہمیشہ کے لیے اپنے ساتھ قبر میں لے جائیں گے۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ ’ہم کسی بھی صورت اور کسی بھی وقت امریکی فوجی جہازوں کو خلیجِ فارس میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔‘

    اس سے ایک روز قبل ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر نے کہا تھا کہ امریکی افواج آبنائے ہرمز سے 600 سے 700 کلومیٹر دور چلی گئی ہیں۔

    دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کے دھماکوں اور جہازوں پر حملوں سے متعلق ’جعلی خبریں گھڑ کر‘ امریکہ میں وسط مدتی انتخابات سے قبل تیل کی قیمتیں بڑھانے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ’جنگ سے پہلے کے مقابلے میں اب آبنائے ہرمز سے زیادہ تیل گزر رہا ہے، اسی لیے ایران تیل کی قیمتیں بڑھانے کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہا ہے۔‘

  11. ایرانی صدر مسعود پزشکیان منگل کو ماسکو کا دورہ کریں گے

    روس میں ایران کے سفیر کاظم جلالی نے اعلان کیا ہے کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان منگل 27 اکتوبر کو گیس برآمد کرنے والے ممالک کے فورم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ماسکو جائیں گے۔

    کاظم جلالی کے مطابق دورے کی تفصیلات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

    اس سے قبل ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا تھا کہ تہران اور ماسکو کے درمیان مشاورت آئندہ ہفتے روسی دارالحکومت میں جاری رہے گی، جس میں دونوں ممالک کے صدور مسعود پزشکیان اور ولادیمیر پوتن بھی شریک ہوں گے۔

    گیس برآمد کرنے والے ممالک کے فورم کا آٹھواں سربراہی اجلاس منگل کو ماسکو میں منعقد ہونا طے ہے۔

  12. پینٹاگون نے چین کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹس کو امریکی قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دے دیا

    امریکہ کے محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے چینی زبان اور ثقافت کی تعلیم دینے والے اداروں ’کنفیوشس انسٹی ٹیوٹس‘ کو امریکی قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔

    امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو میں ان اداروں کو ’پروپیگنڈا مراکز‘ سے تشبیہ دی اور کہا کہ امریکہ کی مختلف جامعات میں مختلف ناموں سے ایسے درجنوں مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

    انھوں نے الزام عائد کیا کہ یہ ادارے دانشورانہ ملکیت چرانے اور ان کے بقول، ’امریکی طلبہ کے ذہنوں میں دراندازی‘ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

    پیٹ ہیگسیتھ کے مطابق امریکی محکمہ دفاع ان مراکز کو منظم انداز میں ختم کر رہا ہے۔

    واشنگٹن میں چین کے سفارت خانے نے تاحال اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

    واضح رہے کہکنفیوشس انسٹی ٹیوٹس چین کی مالی معاونت سے مختلف ممالک کی جامعات میں قائم کیے جانے والے مراکز ہیں، جہاں چینی زبان کی تعلیم اور چینی ثقافت سے متعلق سرگرمیوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ ان کا آغاز 2004 میں جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں پہلے مرکز کے قیام سے ہوا، جبکہ اسی سال امریکہ کی یونیورسٹی آف میری لینڈ میں بھی ایسا مرکز قائم کیا گیا۔ یہ مراکز عموماً چینی اور میزبان ملک کی جامعات کے اشتراک سے کام کرتے رہے ہیں۔

    امریکہ میں ان مراکز کی تعداد 2019 تک بڑھ کر تقریباً 100 ہو گئی تھی، تاہم بعد کے برسوں میں قومی سلامتی اور جامعات کی تعلیمی خودمختاری سے متعلق خدشات کے باعث بیشتر مراکز بند کر دیے گئے۔

    کنفیوشس کون تھے؟

    کنفیوشس قدیم چین کے معروف فلسفی، استاد اور سیاسی مفکر تھے، جو 551 قبل مسیح سے 479 قبل مسیح تک زندہ رہے۔ ان کا اصل نام کونگ چیو تھا اور انھیں چینی زبان میں ’کونگ زی‘ بھی کہا جاتا ہے، جس کا مطلب استاد کونگ ہے۔ وہ موجودہ چین کے صوبے شان ڈونگ کے علاقے میں پیدا ہوئے۔ ان کی تعلیمات میں اخلاق، انصاف، دوسروں کے احترام، خاندانی ذمہ داریوں اور حکمرانوں کے اچھے کردار پر زور دیا گیا۔

  13. سعودی عرب کی قیادت میں فوجی اتحاد کا مشرقی علاقے میں ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

    یمن میں حوثی جنگجوؤں کے خلاف لڑنے والے سعودی عرب کی قیادت میں فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سنیچر کو سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں ایک ڈرون کو روک کر تباہ کر دیا۔

    اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ’مشرقی علاقے میں ایک ڈرون کو روک کر تباہ کیا گیا۔‘

    یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب رواں ماہ سعودی عرب کو ایران کے حمایت یافتہ حوثی جنگجوؤں کے متعدد حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ان میں ریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملہ بھی شامل ہے، جسے حالیہ برسوں میں سعودی عرب پر ہونے والے مہلک ترین حملوں میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔

    حوثی جنگجو سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملے کرنے کے الزامات کی بارہا تردید کر چکے ہیں۔

    یہ گروپ سنہ 2014 سے یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے، جسے سعودی عرب کی قیادت میں فوجی اتحاد کی حمایت حاصل ہے۔

    چار سال تک جاری رہنے والی نازک جنگ بندی کے بعد یمن میں لڑائی جولائی میں دوبارہ شروع ہوئی۔ یہ پیش رفت امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ شروع ہونے کے چند ماہ بعد ہوئی، جس نے پورے خطے کو وسیع تر بحران کی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

    یمن کی جنگ میں اب تک لاکھوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ دنیا کے غریب ترین ممالک میں شمار ہونے والے اس ملک کو شدید انسانی بحران کا سامنا ہے۔

  14. ایران اور روس کے صدور آئندہ ہفتے ماسکو میں اہم مذاکرات کریں گے: عراقچی

    ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ تہران اور ماسکو کے درمیان مشاورت کا سلسلہ آئندہ ہفتے روس کے دارالحکومت ماسکو میں جاری رہے گا، جہاں دونوں ممالک کے صدور مسعود پزشکیان اور ولادیمیر پوتن بھی موجود ہوں گے۔

    گیس برآمد کرنے والے ممالک کے فورم کا آٹھواں سربراہی اجلاس 27 اکتوبر کو ماسکو میں منعقد ہوگا۔ روس میں ایران کے سفیر کاظم جلالی اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ مسعود پزشکیان اور ولادیمیر پوتن اجلاس کے موقع پر اپنی مشاورت جاری رکھیں گے۔

    عباس عراقچی نے جمعے کو انسٹاگرام پر ایک پیغام میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے دورۂ تہران کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ دوطرفہ تعلقات میں تازہ پیش رفت اور اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر تفصیلی گفتگو کی۔

    انھوں نے کہا کہ ان مذاکرات میں سیاسی اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینا، مشترکہ معاہدوں پر عمل درآمد اور ایران و روس کے درمیان سٹریٹجیک شراکت داری کو مضبوط بنانا بھی شامل تھا۔

    عراقچی نے مزید لکھا کہ یہ مذاکرات اور مشاورت آئندہ ہفتے ماسکو میں دونوں ممالک کے صدور کی موجودگی میں جاری رہے گی۔

    روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بھی 19 اکتوبر کو دورۂ تہران کے دوران کہا تھا کہ ماسکو کو امید ہے کہ مسعود پزشکیان گیس برآمد کرنے والے ممالک کے فورم میں شرکت کے لیے روس کا دورہ کریں گے۔

  15. انڈیا کی ریاست بہار میں ایک گھر میں آتش بازی کا سامان بنانے کے دوران دھماکہ، پانچ افراد ہلاک

    انڈیا کی ریاست بہار کے ضلع سیوان کے گاؤں عالم پور میں ایک گھر میں آتش بازی کا سامان بنانے کے دوران شدید دھماکہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں پانچ افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔

    خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق سیوان کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ’بھارت سونی‘ نے بتایا کہ طبی ٹیم کے معائنے کے بعد سول سرجن نے ملبے سے پانچ لاشیں ملنے کی تصدیق کی ہے۔

    اطلاعات کے مطابق دھماکے کے وقت گھر میں سات سے آٹھ افراد موجود تھے، جن میں سے پانچ کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ دو سے تین افراد مبینہ طور پر گھر سے باہر تھے، جن کی تلاش جاری ہے۔

    بھارت سونی کے مطابق فرانزک سائنس لیبارٹری (ایف ایس ایل) کی ٹیم جائے وقوع پر پہنچ گئی ہے۔ آگ مکمل طور پر بجھا دی گئی ہے اور پورے گھر کی تلاشی لی جا رہی ہے۔

    بم ڈسپوزل سکارڈکا عملہ بھی موقع پر موجود ہے، جبکہ علاقے کی نگرانی کے لیے ڈرونز استعمال کیے جا رہے ہیں۔ سول سرجن کی ٹیم کو شبہ ہے کہ ملبے تلے ایک اور لاش بھی ہو سکتی ہے۔

    دوسری جانب واقعے میں غفلت برتنے پر جامو بازار پولیس تھانے کے انچارج کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔

    پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور اس کی وجوہات جاننے کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔

  16. ٹرمپ کی ایران کے خلاف ایک اور فوجی کارروائی کی دھمکی: ’معاہدہ کریں یا دوبارہ حملے کا سامنا کریں‘

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ ایران کے خلاف ایک اور فوجی کارروائی کر سکتا ہے۔

    ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ کو تقریباً آٹھ ماہ ہو چکے ہیں اور ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتیں امریکہ میں وسط مدتی انتخابات پر اثر انداز ہو سکتی ہیں۔

    ٹرمپ نے جمعے 23 اکتوبر کو ریاست فلوریڈا میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم ایک اور چھوٹا سا ایپک فیوری جیسا آپریشن کر سکتے ہیں یا پھر وہ (ایران) معاہدہ کر سکتے ہیں۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ اگر ایرانی قیادت سمجھ دار ہوتی تو وہ کہتی کہ ’آئیے سنجیدہ مذاکرات شروع کرتے ہیں‘، لیکن ٹرمپ کے بقول انھیں اس بات کا شک ہے کہ ایرانی انتظامیہ اتنی سمجھ دار نہیں۔

    ’آپریشن ایپک فیوری‘ امریکی فوج کی جانب سے ایران کے خلاف جنگ کے لیے استعمال کیا جانے والا نام ہے۔

    اپنی تقریر میں ٹرمپ نے ایک بار پھر اپنے دورِ صدارت میں ایران کے جوہری معاہدے (جے سی پی او اے) سے امریکہ کی علیحدگی کا دفاع کیا۔

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ امریکہ نے ’آپریشن مڈنائٹ ہیمر‘ کے ذریعے ایران کی یورینیم افزودگی کی صلاحیت تباہ کر دی تھی اور بعد میں ’آپریشن ایپک فیوری‘ کے ذریعے ایران کو مزید نقصان پہنچایا۔

    انھوں نے کہا کہ ’امریکہ نے ایران کو شدید دھچکا پہنچایا ہے اور دعویٰ کیا کہ ایرانی معیشت اس وقت دنیا کی بدترین معاشی صورتِ حال میں سے ایک سے دوچار ہے۔‘

    اس سے قبل امریکی صدر نے جمعے ہی کو یہ بھی کہا تھا کہ ’امریکہ ایران کے ساتھ جنگ جلد ختم کر سکتا ہے، تاہم انھوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ آیا واشنگٹن کو جنگ فوری طور پر ختم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے یا تنازع کو بتدریج ختم ہونے دینا چاہیے۔‘

    ٹرمپ جنگ ختم کرنے کے لیے مختلف اوقات میں مختلف اہداف اور مدت کا اعلان کرتے رہے ہیں۔ اکتوبر کے اوائل میں انھوں نے کہا تھا کہ امریکہ تین نومبر کو ہونے والے وسط مدتی کانگریسی انتخابات سے پہلے ایران پر کوئی نیا حملہ نہیں کرے گا۔

  17. دو ماہ سے بھی کم عرصے میں ایران کی تیل کی آمدنی کے ذرائع کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے: امریکی وزیر خزانہ کا دعویٰ

    امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ کا کہنا ہے کہ امریکہ کی ’اقتصادی تنہائی کی کارروائی‘ نے ایران کی تیل سے حاصل ہونے والی آمدنی کے ذرائع کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

    سکاٹ بیسنٹ نے جمعے کی شب ایکس پر لکھا کہ ’امریکی محکمہ خزانہ نے ایران کے خلاف اقتصادی تنہائی کی کارروائی شروع کی ہے، جس کا مقصد ایران پر دباؤ بڑھانا اور پاسدارانِ انقلاب اور ایرانی حکومت کی آمدنی کے تمام ممکنہ ذرائع بند کرنا ہے۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’اس کارروائی کے آغاز کے دو ماہ سے بھی کم عرصے میں ایران کی تیل کی آمدنی کے تمام ذرائع کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔‘

    ان کے بقول ایران کے خفیہ آئل ٹینکروں کے بیڑے میں کمی آئی ہے، تیل برآمد کرنے کی اس کی مرکزی بندرگاہ خالی پڑی ہے اور سمندر میں موجود ملک کے تیل کے ذخائر ختم ہو چکے ہیں۔

    ایران کے معاشی بحران کا حوالہ دیتے ہوئے امریکی وزیر خزانہ نے کہا کہ ’عام ایرانی شہریوں کو بڑھتے ہوئے معاشی بحران کا سامنا ہے، جبکہ ان کی حکومت ملک کے اندر عوام کی فلاح و بہبود پر وسائل خرچ کرنے کے بجائے بیرونِ ملک تشدد اور دہشت گردی پر رقم خرچ کر رہی ہے۔‘

    سکاٹ بیسنٹ نے مزید کہا کہ ’صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایسے اقدامات کر رہے ہیں جنھیں امریکہ کے سابق صدور نے طویل عرصے تک مؤخر کیے رکھا۔‘

    انھوں نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ ’امریکہ اب ایران سے لاحق خطرے کو صرف قابو میں رکھنے کی کوشش نہیں کر رہا بلکہ اسے ختم کر رہا ہے۔‘

  18. سعودی عرب: ریاض سمیت تین علاقوں میں انتباہ جاری، لوگوں کو خبردار کرنے کے چند منٹ بعد خطرہ ٹلنے کا اعلان

    سعودی عرب کی سول ڈیفنس اتھارٹی نے سنیچر 24 اکتوبر کی صبح دارالحکومت ریاض سمیت نجران اور وادی الدواسر کے علاقوں میں انتباہ جاری کیا اور لوگوں کو خبردار کیا کہ وہ محفوظ مقامات پر پناہ لیں، کھڑکیوں اور کھلی جگہوں سے دور رہیں اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔

    اتھارٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پیغامات جاری کرتے ہوئے یہ ہدایات دیں۔

    چند منٹ بعد سول ڈیفنس اتھارٹی نے الگ الگ اعلانات میں بتایا کہ ان علاقوں میں خطرہ ٹل گیا ہے۔

    سعودی حکام نے یہ نہیں بتایا کہ خطرہ کس نوعیت کا تھا یا انتباہ جاری کرنے کی وجہ کیا بنی۔

  19. استنبول اجلاس: پاکستان، ترکی، سعودی عرب اور مصر کا اسرائیلی تشدد کے خاتمے، ایران تنازعے کے سفارتی حل پر زور

    پاکستان، ترکی، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ نے استنبول میں ہونے والے ایک اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں اسرائیلی تشدد کے فوری خاتمے، فلسطینی ریاست کے قیام اور ایران سے متعلق تنازعات کے حل کے لیے سفارت کاری اور مکالمے پر زور دیا ہے۔

    پاکستانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق آر فور (R4) گروپ کے تحت منعقد ہونے والے اجلاس میں چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ نے خطے کو درپیش اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ وہ خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے سفارتی کوششوں میں کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

    مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ اسرائیلی قبضہ خطے میں عدم استحکام کی بنیادی وجوہات میں سے ایک ہے اور اس کے باعث عالمی رائے عامہ میں نا انصافی کا احساس پیدا ہوا ہے۔ وزرا نے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل کے جلد نفاذ کا مطالبہ کیا۔

    یمن کے بارے میں چاروں ممالک نے حوثی ملیشیا کی جانب سے کشیدگی میں اضافے، سعودی عرب پر حملوں اور بحیرہ احمر و باب المندب میں تجارتی جہاز رانی کو نشانہ بنانے کی مذمت کی۔ اعلامیے میں حوثیوں سے فوری طور پر فوجی کارروائیاں روکنے اور سیاسی عمل میں واپس آنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

    اعلامیے میں امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری فوجی تنازع اور آبنائے ہرمز کے گرد کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس بحران کا حل صرف مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔

    چاروں ممالک نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں مزید کشیدگی روکنے کی سفارتی کوششوں کا خیر مقدم کیا اور مذاکرات کے ذریعے پائیدار حل تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    مشترکہ اعلامیے میں آبنائے ہرمز اور دیگر بحری راستوں میں آزادانہ اور محفوظ جہاز رانی کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ وزرا نے خبردار کیا کہ سمندری راستوں میں رکاوٹ عالمی تجارتی رسد، توانائی، خوراک اور کھاد کی ترسیل کو متاثر کر سکتی ہے، جس کے اثرات پوری دنیا پر مرتب ہوتے ہیں۔

    اجلاس کے اختتام پر چاروں ممالک نے ان امور پر باہمی مشاورت اور رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

  20. لاہور میں پٹرول پمپ ملازم پر تشدد کا ملزم گرفتار: ’یہ بگڑے ہوئے اور مغرور لوگوں کے منہ پر زور دار طمانچہ ہے‘

    لاہور میں پیٹرول پمپ ملازم پر تشدد کا ملزم گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    واقعے کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) تھانہ چوہنگ لاہور میں درج کی گئی تھی۔

    اس کے مطابق پیٹرول پمپ ملازم کا کہنا ہے کہ منگل کے روز ایک شخص اپنی گاڑی میں پیٹرول ڈلوانے آیا اور ’وہاں سگریٹ نوشی شروع کر دی۔‘

    ملازم کے مطابق پیٹرول پمپ پر سگریٹ نوشی سے آگ لگنے کا خدشہ ہوتا ہے، جس کی وجہ سے مذکورہ شخص کو ایسا کرنے سے منع کیا گیا۔

    ایف آئی آر میں درج ہے کہ ’اس شخص نے ہماری بات ماننے کے بجائے عملے کے لڑکوں سے لڑائی جھگڑا شروع کر دیا اور بد تمیزی کی۔‘

    مزید بتایا گیا ہے کہ پیٹرول پمپ کا عملہ جمع ہونے پر ’الزام علیہ اسلحہ لہراتے ہوئے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے گاڑی میں فرار ہو گیا۔‘

    متاثرہ ورکر کی درخواست پر چوہنگ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کی تلاش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم نے اسے کرائے پر حاصل کیا تھا۔

    پولیس کے مطابق کرایہ داری کے ریکارڈ اور رسیدوں کی مدد سے ملزم کی شناخت کی گئی اور بعد ازاں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے دوران ملزم نے مزاحمت کی کوشش بھی کی جبکہ ملزم سے اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

    پٹرول پمپ ملازم پر تشدد کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی تھی۔

    جمعہ (23 اکتوبر) کی رات نو بج کر 15 منٹ پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر 31 سیکنڈ کی ایکویڈیو شیئر کی۔ ویڈیو کے ابتدائی حصے میں پٹرول پمپ پر تشدد کی وہی وائرل سی سی ٹی وی فوٹیج دکھائی گئی ہے۔

    ویڈیو کے تقریباً 23ویں سیکنڈ پر سی سی ٹی وی فوٹیج رک جاتی ہے اور ایک دوسری ویڈیو شروع ہوتی ہے جس میں سیاہ ٹی شرٹ اور پتلون پہنے ایک شخص ایک کمرے میں داخل ہوتا دکھائی دیتا ہے۔ اس شخص کے ہاتھ پیچھے بندھے ہوئے ہیں جبکہ ایک پولیس اہلکار اس کے پیچھے چل رہا ہے اور کمرے کے اندر بھی ایک پولیس اہلکار موجود ہے۔

    ویڈیو میں دکھائی دیتا ہے کہ جیسے ہی وہ شخص کمرے میں داخل ہوتا ہے تو ایک اور شخص، جس کی شکل وائرل ویڈیو میں نظر آنے والے پٹرول پمپ ملازم سے مشابہ ہے، اسے تھپڑ مارتا ہے۔ بعد ازاں پولیس اہلکار مداخلت کرتے ہوئے اسے مزید ایسا کرنے سے روکتے ہیں۔

    مریم نواز نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ اُن بگڑے ہوئے اور مغرور لوگوں کے منہ پر ایک زور دار طمانچہ ہے جو غریبوں کو اپنے سے کمتر سمجھتے ہیں اور یہ گمان کرتے ہیں کہ دولت اور طاقت کے بل بوتے پر قانون سے بالاتر ہو سکتے ہیں اور جو چاہیں گے کر کے بچ نکلیں گے۔‘