’یوزر نیم‘: واٹس ایپ کا نیا فیچر جس میں آپ اپنا نمبر دیے بغیر بھی لوگوں سے رابطے میں رہ سکتے ہیں

تصویر

،تصویر کا ذریعہGetty Images

وقت اشاعت
مطالعے کا وقت: 6 منٹ

گھر ہو یا دفتر، واٹس ایپ ہماری روزمرہ زندگی میں پیغام رسانی کا اہم حصہ بن چکا ہے کیونکہ میسجز، تصاویر اور حتیٰ کے اہم دستاویزات کے تبادلے کے لیے زیادہ تر لوگ واٹس ایپ کا ہی بطور محفوظ ایپ استعمال کرتے ہیں۔

لیکن کبھی کبھی آپ کچھ لوگوں سے اپنا نمبر شیئر کیے بغیر بھی رابطے میں رہنا چاہتے ہیں اور واٹس ایپ نے اب اپنے صارفین کی اس مشکل کو حل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واٹس ایپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے صارفین کے لیے ’یوزر نیم‘ کا نیا فیچر متعارف کروانے جا رہا ہے۔

واٹس ایپ کے مطابق اگر آپ کسی کو اپنا موبائل نمبر نہیں دینا چاہتے تو آپ ایسے شخص کو صرف اپنا واٹس ایپ ’یوزر نیم‘ دے کر بھی اُس سے رابطے میں رہ سکتے ہیں۔

یعنی وہ شخص آپ کے ’یوزر نیم‘ کے ذریعے ہی آپ سے واٹس ایپ پر رابطہ کر سکے گا، آپ کو اسے اپنا فون نمبر دینے کی ضرورت نہیں اور اس طرح وہ آپ کے فون نمبر پر ڈائریکٹ کال یا ٹیکس میسج بھی نہیں کر سکے گا۔

یہ فیچر کیسے حاصل کیا جا سکتا ہے؟

واٹس ایپ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

واٹس ایپ کے مطابق رواں ہفتے سے آپ اپنے لیے ’یوزر نیم‘ کا انتخاب کر سکتے ہیں اور آنے والے دنوں میں جب یہ فیچر باضابطہ طور پر متعارف کروا دیا جائے گا۔

تاہم اِس نئے فیچر کے لیے آپ کے فون میں واٹس ایپ کا تازہ ترین ورژن ہونا ضروری ہے۔

اس کے بعد آپ واٹس ایپ کی سیٹنگز میں اکاؤنٹ میں جا کر ’یوزر نیم‘ کی ریکویسٹ کر سکتے ہیں تاہم ’یوزر نیم‘ رکھنا لازمی نہیں ہو گا یعنی جب آپ چاہیں گے تو آپ اپنے نمبر کے ذریعے واٹس ایپ کا استعمال جاری رکھ پائیں گے۔

واٹس ایپ کے مطابق ’یوزر نیم‘ زیادہ سے زیادہ 35 حروف پر مشتمل ہو گا اور صارفین کے پاس اپنا یوزر نیم تبدیل یا حذف کرنے کی سہولت بھی موجود ہو گی۔

کمپنی کے مطابق یہ فیچر آئندہ چند ماہ کے دوران مرحلہ وار دنیا بھر میں واٹس ایپ کے تقریباً تین ارب صارفین کے لیے دستیاب ہو گا۔

واٹس ایپ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ معروف شخصیات اور اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کے نام عام صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے تاکہ جعل سازی اور دھوکہ دہی سے بچا جا سکے۔

لہٰذا اس بات کا امکان نہیں کہ مثال کے طور پر آپ اپنے لیے ’شہباز شریف‘ یا ’ڈونلڈ ٹرمپ‘ یوزر نیم کا انتخاب کر لیں!

واٹس ایپ

واٹس ایپ نے اس نئے فیچر کو اپنے صارفین کی پرائیویسی میں اضافے کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔

ایک بار جب یہ فیچر مکمل طور پر ایکٹیویٹ ہو جائے گا تو انفرادی فون نمبر واٹس ایپ پر مزید نظر نہیں آئے گا تاہم واٹس ایپ اکاؤنٹ بنانے اور خود کو رجسٹر کرنے کے لیے آپ کو اپنے فون نمبر کی ضرورت اب بھی ہو گی۔

سوشل میڈیا پر سوال جواب

مواد پر جائیں
بی بی سی اردو اب واٹس ایپ پر

بی بی سی اردو کی خبروں اور فیچرز کو اپنے فون پر حاصل کریں اور سب سے پہلے جانیں پاکستان اور دنیا بھر سے ان کہانیوں کے بارے میں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں

سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں

مواد پر جائیں

واٹس ایپ کے اس اعلان کے بعد صارفین نے جہاں اسے پرائیویسی کے لیے بہترین فیچر قرار دیا تو کئی صارفین اس کا موازنہ ٹیلی گرام اور سگنل سے کرتے نظر آئے۔

کچھ لوگ یہ سوال کرتے بھی نظر آئے کہ ’فرض کریں کہ اگر 10 لوگوں کا ایک ہی ’یوزر نیم‘ ہے تو اس صورتحال میں کیا ہو گا؟ کیا ایپ آپ کو بتائے گی کہ یہ نام کسی اور شخص کے زیر استعمال بھی ہے۔

واٹس ایپ نے اس کی وضاحت کچھ یوں کی کہ ’ایک منفرد یوزر نیم (username) صرف ایک ہی شخص استعمال کر سکتا ہے تاہم یوزر نیم بناتے وقت ایپ آپ کو بتا دے گی کہ آیا (آپ کا منتخب کردہ) نام دستیاب ہے یا نہیں۔‘

ایک اور صارف نے پوچھا کہ ’واٹس ایپ جعل سازوں کو کیسے ہینڈل کرے گا؟ اگر کوئی لوگوں کو دھوکہ دینے کے لیے صرف ’یوزر نیم‘ استعمال کرتا ہے، تو صارفین کو ان کا فون نمبر بھی معلوم نہیں ہو گا۔‘

اس کے جواب میں واٹس ایپ نے بتایا کہ یوزر نیم کی مدد سے کون آپ تک رسائی حاصل کر سکتا ہے اس حوالے سے کئی تہوں پر مشتمل حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔

واٹس ایپ کے مطابق اس حوالے سے حد متعین کی جائے گی کہ کوئی بھی اکاؤنٹ کتنے نئے لوگوں سے رابطہ کر سکتا ہے جبکہ ہمارا سسٹم غلط رویوں کی نشاندہی کر کے انھیں بلاک کر سکتا ہے۔

واٹس ایپ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

واٹس ایپ کے مطابق اس کے علاوہ صارفین کے پاس ایپ میں اپنی شکایت درج کروانے کی سہولت بھی دستیاب ہے۔

کچھ صارفین نے یہ بھی پوچھا کہ کیا یہ نیا فیچر ’واٹس ایپ بزنس‘ پر بھی دستیاب ہو گا؟ جس پر واٹس ایپ نے وضاحت کی کہ یوزر نیم کی سہولت ’واٹس ایپ بزنس‘ پر بھی دستیاب ہو گی اور ایک دو دن میں ایپ پر نظر آنے لگے گی۔

کچھ لوگ یہ شکایت کرتے بھی نظر آئے کہ ان کے واٹس ایپ پر ابھی تک یہ نیا فیچر نظر نہیں آ رہا جس پر ایپ نے بتایا کہ ایک دو دن یا رواں ہفتے یہ سہولت سب کے لیے دستیاب ہو جائے گی لہذا اپنے واٹس ایپ کو چیک کرتے رہیں اور اپنے فون پر واٹس ایپ کا نیا ورژن ڈاؤن لوڈ کریں۔

بعض صارفین جنھوں نے اپنے یوزر نیم کا انتخاب کر لیا تھا وہ اس پر خوشی کا اظہار کرتے بھی نظر آئے۔