آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
22 لاکھ پاؤنڈ مالیت سامان سے بھرا بیگ اٹھانے والا ’موقع پرست‘ چور جسے پتہ ہی نہیں چلا ’یہ کتنا قیمتی ہے‘
- مصنف, جولیا گریگوری
- عہدہ, لندن
- مطالعے کا وقت: 6 منٹ
ایک ایسے چور کو دو سال سے زائد قید کی سزا سنا دی گئی ہے جس نے موقع پاتے ہی وسطی لندن کے ایک پب سے ایک ایسا بیگ چرا لیا جس میں لاکھوں پاؤنڈ کا سامان موجود تھا۔
چوری ہونے والے سامان میں زمرد سے جڑا انڈہ اور ایک گھڑی موجود تھی۔ ان اشیا کی مالیت 22 لاکھ پاؤنڈ تک بتائی گئی ہے۔
29 سالہ انزو کونتیچیلو نے روزی ڈاسن کا ہینڈ بیگ اس وقت اٹھایا جب وہ 7 نومبر 2024 کو سوہو میں واقع ڈاگ اینڈ ڈک پب کے باہر کھڑی تھیں اور ہینڈ بیگ انھوں نے زمین پر اپنی ٹانگوں کے درمیان رکھا ہوا تھا۔
فیبرژے نامی برانڈ کی اشیا ان کے ہینڈ بیگ میں موجود تھیں کیونکہ اسی شام انھیں ایک کام کے سلسلے میں ہونے والی نمائش کے لیے لے جایا گیا تھا۔ یہ اشیا تاحال برآمد نہیں ہو سکی ہیں۔
ملزم کونتیچیلو کو ساوتھ وارک کراؤن کورٹ میں سزا سنائی گئی، اس سے قبل وہ ایک سماعت میں جعل سازی کے ذریعے دھوکہ دہی کے تین الزامات اور ایک چوری کے الزام کا اعتراف کر چکا تھے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں کونتیچیلو کو پب کے اندر دیکھا گیا، جہاں وہ ایک اور گاہک کا بیگ چرانے کی کوشش کر رہے تھے، پھر وہ باہر نکل گئے۔ بعد ازاں انھیں متاثرہ خاتون کا بیگ اٹھاتے ہوئے فلمایا گیا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ کونتیچیلو ’آسانی سے حاصل ہونے والی رقم‘ کی تلاش میں تھے اور انھیں بیگ جس میں ایک لیپ ٹاپ اور کریڈٹ کارڈز بھی شامل تھے بیچ کر منشیات خرید لیں۔
ہینڈ بیگ کی چوری کے فوراً بعد، قریبی دکان میں ڈاسن کے بینک کارڈ استعمال کرنے کی کوشش کے چند ہی منٹوں کے اندر، کونتیچیلو پکڑے گئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فیبرژے ایک عالمی شہرت یافتہ اعلیٰ درجے کا جیولری برانڈ ہے، جس کی بنیاد 1842 میں روس میں رکھی گئی تھی، اور یہ قیمتی پتھروں اور دھاتوں سے بنے اپنے انڈوں کے لیے مشہور ہے۔
بیمہ کمپنیوں نے کرافٹ آئرش وہسکی کمپنی میں ڈاسن کے آجر کو ہونے والے نقصان کے عوض 106,700 پاؤنڈ ادا کیے، تاہم استغاثہ کے وکیل جولین وِن شپ نے بتایا کہ اس نوعیت کے صرف سات فیبرژے سیٹس موجود ہیں، جن میں ایک جواہرات سے مزین انڈا، گھڑی، وہسکی کی بوتل، سگار اور ایک ہیومیڈور شامل ہوتا ہے۔
یہ انڈا 18 قیراط پیلے سونے سے تیار کیا گیا ہے اور اسے بنانے میں 100 گھنٹوں سے زیادہ وقت لگا۔
اس میں 104 ہیرے جڑے ہوئے ہیں اور اس کے اندر زیمبیا سے تعلق رکھنے والا ایک غیر تراشا ہوا زمرد موجود ہے۔
اس کے ساتھ موجود گھڑی، جو آئرلینڈ کے ’سات عجائبات‘ میں سے ایک سے متاثر ہو کر تیار کی گئی ہے، 22 قیراط وزنی ہے اور اسے گلابی سونے کے خول میں رکھا گیا ہے۔
کونتیچیلو کی وکیل، کیٹی پورٹر-ونڈلی نے بتایا کہ وہ پہلے بطور شیف کام کرتے تھے، لیکن کووِڈ وبا کے دوران ان کی نوکری چلی گئی اور وہ کوکین کی لت میں مبتلا ہو گئےگئے۔
انھوں نے کہا کہ ’جس رات یہ واقعہ پیش آیا، وہ ایک موقع تھا جس سے انھوں نے فائدہ اٹھایا، اور وہ اپنے رویے پر واقعی نادم ہے۔‘
کونتیچیلو کو نومبر 2025 میں بیلفاسٹ میں علیحدہ چوری کے جرائم کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا، جو ہینڈ بیگ کی چوری کے ایک سال سے زیادہ بعد تھا، اور اسی دوران انھیں 2024 کے جرم سے جوڑا گیا۔
پورٹر-ونڈلی نے عدالت کو بتایا کہ کونتیچیلو کو یہ اندازہ نہیں تھا کہ جن اشیا کو انھوں نے چرا لیا تھا وہ کتنی قیمتی تھیں۔
جب ریکارڈر کیٹ لیوسی نے کہا کہ یہ انڈا ’غیر معمولی حد تک حیرت انگیز‘ نظر آتا ہے، تو پورٹر-ونڈلی نے کہا کہ یہ ’اس قدر غیر معمولی تھا کہ بظاہر اس سے یہ اندازہ لگانا مشکل تھا کہ اس کی قدر و قیمت بہت زیادہ ہے یا نہیں۔‘
کونتیچیلو کو دو سال اور تین ماہ قید کی سزا سناتے ہوئے، لیوسی نے کہا کہ اس ’موقع پرست‘ چوری نے ڈاسن اور ان کی کمپنی کے لیے ’زحمت اور ذہنی دباؤ‘ پیدا کیا۔
انھوں نے کہا، ’ڈاسن نے اس لمحے کے شدید صدمے اور گھبراہٹ کو بیان کیا جب انھیں معلوم ہوا کہ کمپنی کی انتہائی قیمتی اشیا پر مشتمل بیگ چوری ہو چکا ہے، اور اس واقعے نے انھیں ناقابلِ یقین حد تک ذہنی دباؤ میں مبتلا کر دیا ہے۔‘
پولیس انڈے اور گھڑی کی تلاش کا سلسلہ تاحال جاری رکھے ہوئے ہے۔
تحقیقات کی قیادت کرنے والے ڈیٹیکٹیو کانسٹیبل آربن مورینا نے کہا کہ ’کونتیچیلو نے کسی اور کی ملکیت پر ہاتھ صاف کرنے میں کوئی عار محسوس نہیں کی، اور اب اپنی لالچ کے نتیجے میں اسے قید کی سزا کا سامنا ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’انڈے اور گھڑی کو تلاش کرنے کے لیے ہماری تحقیقات جاری ہیں‘۔