آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پانچ منزلہ بنگلہ اور ’کروڑوں کے اثاثے‘: جعلی خفیہ ایجنٹ جنھیں گرفتار کر کے انہی کی ٹیسلا کار میں تھانے لانا پڑا
- مصنف, سیٹو تیواری
- عہدہ, بی بی سی ہندی
- وقت اشاعت
- مطالعے کا وقت: 7 منٹ
انڈین ریاست بہار کے ضلع کھگڑیا میں پولیس نے آٹھ اگست کو منیش کمار عرف منیش کمار گپتا نامی شخص کو فراڈ کے الزام کے تحت گرفتار کیا۔ تاہم انھیں پولیس کی گاڑی کے بجائے انہی کی مہنگی ٹیسلا کار میں تھانے لے جانا پڑا۔
ایسے میں پولیس اہلکار ان کی گاڑی کی پچھلی نشست پر بیٹھے اور منیش خود گاڑی کی اگلی نشست پر بیٹھے تھے۔
آخر ایسا کیا ہوا کہ پولیس کو منیش کو اس کی اپنی مہنگی ٹیسلا کار کی اگلی نشست پر بٹھا کر تھانے لے جانا پڑا؟ اس کی وجہ یہ تھی کہ یہ مہنگی ٹیسلا کار ایف ایس ڈی تھی، یعنی ’فل سیلف ڈرائیونگ‘ کار تھی۔
اس بارے میں موقع پر موجود مقامی صحافی رنویر کمار نے کہا کہ ’منیش نے پولیس کو بتایا کہ جب تک وہ خود اگلی نشست پر نہ بیٹھے، گاڑی نہیں چلے گی۔ اس کے بعد منیش گپتا اور اس کا ڈرائیور آگے بیٹھ گئے اور پولیس افسر پچھلی نشست پر بیٹھ گیا۔ اب جب یہ گاڑی تھانے پہنچ گئی ہے تو لوگ اسے دیکھنے کے لیے جمع ہو رہے ہیں۔‘
یہ واقعہ ضلع کھگڑیا میں پیش آیا، جو ہر سال سیلاب سے متاثر ہوتا ہے۔
منیش گپتا خود کو آئی اے ایس (انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس) افسر بتایا کرتا تھا۔ اسی الزام میں اسے آٹھ اگست کی رات دیر گئے گرفتار کیا گیا۔
گذشتہ 10 برس سے کھگڑیا کے گوگری تھانے سے صرف ایک کلومیٹر دور رہنے والا منیش گپتا علاقے میں اپنی مبینہ آئی اے ایس حیثیت کا خوب اظہار کرتا تھا۔
وہ خود کو قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کا خفیہ ایجنٹ اور مرکزی ویجیلنس کمیشن کا افسر بھی متعارف کرواتا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ضلع کھگڑیا کے ایس پی بھانو پرتاپ سنگھ نے کہا ہے کہ منیش گپتا کے دعوے ’بظاہر جھوٹے‘ پائے گئے ہیں۔
منیش گپتا کون ہے؟
اگر آپ بہار کے ضلع کھگڑیا کے گوگری بازار جائیں تو آپ کو ایک پُرتعیش پانچ منزلہ بنگلہ نظر آئے گا۔
مقامی لوگوں کے مطابق ’گوگری کے مرکزی بازار میں کسی کے پاس اتنا عالیشان گھر نہیں ہے۔‘
49 سالہ منیش کمار اس گھر میں اکیلے رہتے تھے۔
آٹھ اگست کو دوپہر تقریباً دو بجے گوگری تھانے کی پولیس ایک اطلاع کی بنیاد پر منیش کمار کے گھر پہنچی۔
گوگری تھانے کے انچارج اروِند کمار کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق ’عینک اور ہاف پینٹ پہنے ایک شخص گھر کے سامنے ٹہل رہا تھا۔ پوچھ گچھ پر اس نے اپنا نام منیش کمار گپتا بتایا اور کہا کہ وہ آئی اے ایس افسر ہے۔‘
ایف آئی آر میں درج معلومات کے مطابق اُنھوں نے اپنے موبائل فون میں شناختی کارڈ دکھایا۔ اس پر مرکزی ویجیلنس کمیشن کا نام، شناختی کارڈ نمبر اور ’چیف سکیورٹی آفیسر‘ درج تھا۔
مزید پوچھ گچھ کے دوران اُنھوں نے خود کو قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول کا خفیہ ایجنٹ بھی بتایا۔ جب اس دعوے کی تصدیق کی گئی تو یہ جعلی ثابت ہوا۔
ایف آئی آر کے مطابق منیش کمار کے گھر کے سامنے ایک سیاہ رنگ کی ٹیسلا کار اور ایک سفید سفاری گاڑی کھڑی تھی۔
سفاری گاڑی پر ’گورنمنٹ آف انڈیا‘ کا بورڈ لگا ہوا تھا۔
دونوں گاڑیوں کے بارے میں پوچھے جانے پر منیش کمار نے تسلیم کیا کہ دونوں گاڑیاں انھی کی ہیں۔ چونکہ معاملہ مشتبہ محسوس ہوا، پولیس نے منیش گپتا کو گرفتار کر لیا اور ان کے گھر کی تلاشی لی۔
29 برانڈز کی غیر ملکی شراب اور دو بھینسوں کے سینگ بھی ضبط
گوگری کے ایس ڈی پی او چندن کمار نے بی بی سی کو بتایا کہ منیش گپتا کے چار بھائی ہیں۔ ان کے والدین وفات پا چکے ہیں اور منیش گپتا کے علاوہ باقی تمام افراد کھگڑیا سے باہر رہتے ہیں۔
ان میں سے ایک غالباً انگلینڈ میں رہتا ہے جبکہ باقی دو بھائیوں میں سے ایک دہلی میں کام کرتا ہے۔ منیش گپتا اس گھر میں ایک دیکھ بھال کرنے والے شخص کے ساتھ رہتا تھا۔
منیش کمار کے گھر کی تلاشی لینے میں پولیس کو کئی گھنٹے لگے۔
پولیس نے ان کے گھر کے باورچی خانے اور برآمدے میں رکھے ایک الماری نما کیبنٹ سے 31 لیٹر غیر ملکی شراب بھی برآمد کی ہے۔
کھگڑیا پولیس نے ایک پریس کانفرنس کے ذریعے 29 برانڈز کی شراب کے نام بھی جاری کیے ہیں۔ غیر ملکی شراب کے علاوہ تقریباً 10 لیٹر بیئر اور 30 لیٹر سوڈا واٹر بھی ضبط کیا گیا ہے۔
منیش کے قبضے سے مجموعی طور پر 20 کریڈٹ کارڈ، آٹھ ڈیبٹ کارڈ، چار چیک بکس، دو ایپل لیپ ٹاپ اور پانچ موبائل فون برآمد ہوئے۔
ان کے گھر سے برآمد ہونے والے بیشتر کریڈٹ کارڈز، ڈیبٹ کارڈز اور چیک بکس منیش کمار کے نام پر ہیں۔ تاہم بعض دستاویزات آر این کمار، مکیش کمار گپتا اور اجیت کمار جیسے دیگر افراد کے نام پر بھی ہیں۔
اس کے علاوہ منیش کے گھر سے بیل کے دو سینگ بھی برآمد کیے گئے۔
روانی سے انگریزی بولنا، باڈی لینگویج اور تنہا رہنا
مقامی صحافی رنویر کمار کہتے ہیں کہ منیش کے والد پرمیشور پرساد گپتا مقامی کے ڈی ایس کالج میں پڑھاتے تھے اور اُنھوں نے ماضی میں کچھ جائیدادیں خرید رکھی تھیں۔
منیش کے گھر کے باہر اس وقت ایک بڑا باغ ہے جو پہلے کھیتی باڑی کے لیے استعمال ہوتا تھا۔
وہ مزید کہتے ہیں کہ تقریباً چھ سال پہلے منیش نے کھیت کو باغ میں تبدیل کیا اور ایک عالیشان گھر تعمیر کرنا شروع کر دیا۔
’اس گھر کے باہر ہمیشہ دو گارڈ بیٹھے رہتے تھے اور کسی کو اندر جانے کی اجازت نہیں تھی۔ منیش اکیلا رہتا تھا اور زیادہ لوگوں سے میل جول نہیں رکھتا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ وہ دسویں جماعت کے امتحان میں کھگڑیا میں پہلی پوزیشن پر آیا تھا، تاہم اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔‘
ایس ڈی پی او چندن کمار کہتے ہیں کہ منیش چند برسوں سے یو پی ایس سی (یونین پبلک سروس کمیش) کی تیاری کر رہا تھا۔ وہ روانی سے انگریزی بولتا تھا۔ اس لیے کسی کو اس بات کا شک نہیں ہوا کہ وہ آئی اے ایس افسر نہیں ہے۔
ایس پی بھانو پرتاپ سنگھ نے بھی اس معاملے پر حیرت کا اظہار کیا۔
انھوں نے کہا کہ منیش گذشتہ آٹھ سے 10 سال سے خود کو آئی اے ایس افسر ظاہر کر رہا تھا لیکن وہ قانون کی گرفت سے بچتا رہا۔
’اُنھوں نے اپنی باڈی لینگویج اس انداز میں بنا لی تھی کہ وہ واقعی ایک افسر معلوم ہوتا تھا۔‘
پولیس ریمانڈ کا انتظار
منیش کے خلاف نو اگست کو ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ جموں و کشمیر وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ 1978 کی دفعہ 51 بھی شامل کی گئی ہے۔
دوسری جانب منیش کے گھر سے برآمد ہونے والی شراب کے معاملے میں ایک الگ ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہے۔
منیش کمار کے خلاف لگائی گئی انڈین پینل کوڈ کی دفعات بنیادی طور پر سرکاری ملازم کی جھوٹی شناخت اختیار کرنے، دھوکہ دہی کے لیے علامت یا نشان استعمال کرنے اور جعلی دستاویزات تیار کرنے جیسے جرائم سے متعلق ہیں۔
منیش کمار اس وقت کھگڑیا ڈویژنل جیل میں قید ہیں۔
گوگری کے ایس ڈی پی او چندن کمار نے بی بی سی ہندی کو بتایا کہ ’اقتصادی جرائم ونگ (EOU) کی ٹیم ایک بار اس معاملے کا جائزہ لینے آ چکی ہے۔ ہمیں ابھی تک منیش گپتا کا ریمانڈ نہیں ملا۔ توقع ہے کہ پیر تک تحویل مل جائے گی۔‘
بی بی سی ہندی نے ایس پی بھانو پرتاپ سنگھ سے فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی، تاہم ان سے رابطہ نہ ہو سکا۔ اُنھوں نے واٹس ایپ پیغامات کا بھی جواب نہیں دیا۔
بیرون ملک اثاثے
پولیس کے مطابق منیش کمار بہار کے مختلف اضلاع میں لوگوں کو دھوکا دے رہا تھا۔ پولیس اس وقت اس کے اثاثوں کا جائزہ لے رہی ہے۔
کئی میڈیا اداروں نے یہ خبر دی ہے کہ منیش کمار کے اثاثوں کی مالیت 100 کروڑ روپے ہے۔ تاہم اس دعوے کی ابھی تک تصدیق نہیں ہو سکی۔
منیش کمار کی گرفتاری کے بعد کھگڑیا کے ایس پی بھانو پرتاپ سنگھ نے کہا کہ ’ٹیسلا جیسی گاڑی عام طور پر دیکھنے کو نہیں ملتی۔ اس معاملے میں ہم اقتصادی جرائم ونگ (EOU) سمیت متعدد تحقیقاتی اداروں کی مدد لے رہے ہیں۔‘
اُنھوں نے مزید کہا کہ منیش گپتا کے اثاثوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی تحقیق کی جا رہی ہے کہ اس نے یہ اثاثے کیسے اور کن ذرائع سے حاصل کیے۔
اُنھوں نے کہا کہ اس معاملے میں مالی فراڈ کے ساتھ ساتھ لوگوں کو دھمکایا اور خوف زدہ بھی کیا گیا۔
اُن کے بقول ہمیں اطلاعات ملی ہیں کہ منیش کی جائیدادیں بہار کے علاوہ بیرون ملک بھی موجود ہیں اور اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
اُنھوں نے یہ بھی کہا کہ اس کیس کی بڑے پیمانے پر تفتیش کی جا رہی ہے اور مزید گرفتاریوں کا امکان بھی موجود ہے۔