مکی آرتھر نیوزی لینڈ کے ہاتھوں انگلینڈ کی شکست کے لیے پرامید

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر انڈیا اور انگلینڈ کے میچ کے نتیجے سے سخت مایوس ہوئے ہیں اور اب انھیں امید ہے کہ نیوزی لینڈ انگلینڈ کو شکست دے کر پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کی امید کو برقرار رکھے گا۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے مکی آرتھر نے کہا کہ دوسری ٹیموں کے نتائج پر ہمارا کوئی کنٹرول نہیں ہے البتہ انھیں اس بات پر سخت مایوسی ہوئی کہ انڈین ٹیم انگلینڈ کے خلاف نہیں جیت سکی۔
انھوں نے کہا کہ اگر انڈین ٹیم جیت جاتی تو پاکستان کے لیے دروازے کھل جاتے، ظاہر ہے کہ بھارت اور انگلینڈ کے میچ کا نتیجہ ہمارے لیے بہت ہی مایوس کن تھا۔
مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ وہ امید کرتے ہیں کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم ہمارے لیے کام کر دکھائے گی اور اگر نیوزی لینڈ کی ٹیم میچ نہیں جیت پاتی تو ہم امید کر رہے ہیں کہ انگلینڈ بہت ہی بڑے مارجن سے میچ جیتے جس کے بعد ہم بیٹھ کر رن ریٹ کا حساب کتاب کریں جو ظاہر ہے کہ بہت زیادہ ہے۔
یہ بھی پڑھیے
مکی آرتھر نے یہ بھی کہا کہ انگلینڈ کو ہرانے کے بعد پاکستانی ٹیم میں اعتماد پیدا ہوا تھا لیکن بارش اور خراب موسم کی وجہ سے وہ نو دن تک نہ کھیل سکی جس سے اس کا تسلسل ٹوٹ گیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کا کہنا تھا کہ ’ٹیم آخری تین میچوں میں بہت اچھا کھیلی ہے اور کھلاڑی سخت محنت کررہے ہیں اور وہ بلاخوف و خطر کھیل رہے ہیں۔‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
مکی آرتھر اوپنرز فخرزمان اور امام الحق کی جانب سے بڑا سکور نہ کرنے پر فکرمند نہیں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور انھیں امید ہے کہ یہ آئندہ بڑا سکور کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو جمعے کے روز لارڈز کے میدان میں بنگلہ دیش سے مقابلہ کرنا ہے لیکن اس سے قبل بدھ کے روز انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کا میچ پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کے نقطہ نظر سے بڑی اہمیت کا حامل ہے۔
اگر انگلینڈ کی ٹیم یہ میچ ہارجاتی ہے اور پاکستان بنگلہ دیش کو ہرا دیتا ہے تو انگلینڈ ورلڈ کپ سے باہر اور پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا لیکن اگر انگلینڈ کی ٹیم میچ جیت جاتی ہے تو پاکستان کی بنگلہ دیش سے جیت کی صورت میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے گیارہ گیارہ پوائنٹس ہوں گے تاہم نیوزی لینڈ کا رن ریٹ بہت بہتر ہے۔

























