آئی پی ایل میں سٹے بازی کا الزام، اداکار ارباز خان کی تھانے طلبی

ارباز خان

،تصویر کا ذریعہAFP/Getty Images

بالی وڈ کے اداکار اور فلم ساز ارباز خان کو آئی پی ایل میں سٹے بازی کے حوالے سے مہاراشٹر پولیس نے پوچھ گچھ کے لیے تھانے طلب کیا ہے۔

پولیس نے تین روز قبل سونی جالان نامی ایک شخص کو سٹے بازی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ پوچھ گچھ کے دوران مبینہ طور پر انھوں نے ارباز کا نام لیا جس کے بعد پولیس نے ارباز کو پولیس سٹیشن میں حاضر ہونے کا سمن جاری کیا ہے۔

پولیس کے تفتیشی افسر پردیپ شرما نے بتایا کہ ارباز خان کو اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے لیے کل طلب کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا: 'سونو جالان نے کچھ باتیں بتائی ہیں۔ ہم ارباز خان کا بیان لینے کے بعد ہم ان بیانات کی سچائی کی تفتیش کریں گے، اور اس کے بعد ہی کچھ کہہ سکیں گے۔'

ارباز خاں معروف اداکار سلمان خان کے بھائی ہیں اور وہ بظاہر سونو جالان کے واقف تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جالان کا انڈیا میں بڑے بڑے لوگوں سے رابطہ تھا اور اس کے تعلقات پاکستان، افغانستان اور کئی دوسرے کرکٹ کھیلنے والے ملکوں تک پھیلے ہوئے تھے۔

ایک اعلیٰ پولیس افسر نے کہا ہے کہ وہ آئی پی ایل میں سٹے بازی کی تفتیش کر رہے ہیں لیکن انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ ارباز خان کو کس سلسلے میں طلب کیا گیا ہے۔

پولیس افسر نے کہا کہ وہ ارباز کا بیان آنے کے بعد تمام پہلوؤں کی تفتیش کے بعد ہی کچھ کہہ سکیں گے۔