ون ڈے سیریز میں بہتر کپتانی نظر آئے گی: سرفراز احمد

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد ٹیسٹ سیریز کے نتیجے کو ایک طرف رکھ کر نئے حوصلے سے سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنا چاہتے ہیں۔
سرفراز احمد نے بی بی سی کے سوال کے جواب میں کہا کہ ون ڈے ٹیم خاصی متوازن ہے جس میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ حسن علی، فخر زمان اور شاداب خان ایسے کھلاڑی ہیں جنھوں نے چیمپیئنز ٹرافی میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور انہیں امید ہے کہ اس سیریز میں وہ اپنی شاندار کارکردگی سے پاکستانی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کریں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلی جانے والی ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے بعد جمعے سے ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آغاز ہو رہا ہے۔
سرفراز احمد نے اپنی کپتانی کے انداز کے بارے میں کہا کہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ان کی جانب سے بہتر کپتانی دیکھنے میں آئے گی۔
انھوں نے کہا کہ ٹیسٹ میچ میں ہر سیشن کے اعتبار سے حکمت عملی ترتیب دینی پڑتی ہے اور فیصلے کرنے ہوتے ہیں جبکہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں آپ کو بہت تیزی سے فیصلے کرنے ہوتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سرفراز احمد نے خود اوپر کے نمبر پر بیٹنگ کرنے کے امکان کو رد کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت جو کامبی نیشن بنا ہوا ہے اس میں ان سے اوپر بابراعظم، محمد حفیظ اور شعیب ملک بیٹنگ کرتے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں جب وہ کپتان بنے تھے تو اس وقت یہی بیٹنگ آرڈر تھا لہذا ابھی اسے تبدیل کرنا ممکن نہیں ہے۔
چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں انڈیا کے خلاف سنچری بنانے والے اوپنر فخرزمان کا بی بی سی اردو کو دیے گئے انٹرویو میں کہنا تھا کہ وہ ٹیسٹ سیریز میں شکست کا بدلہ لینا چاہتے ہیں اور ان کی کوشش ہوگی کہ پاکستانی ٹیم بڑے مارجن سے یہ ون ڈے سیریز جیتے۔
فخر زمان نے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی کے بعد چونکہ یہ ان کی پہلی ون ڈے سیریز ہے لہذا وہ بہت زیادہ پرجوش ہیں۔ اس دوران وہ قائداعظم ٹرافی کے میچ بھی کھیلے ہیں اور اپنی خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کی ہے اور انہیں امید ہے کہ وہ اس سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔





















