آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

لائیو, شہباز شریف کی سعودی عرب پر حملے کی مذمت، ایران کے ساحلی شہروں کے قریب دھماکوں کی اطلاعات

ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق ایران میں بندر عباس اور بوشہر میں متعدد مقامات کو مختلف سمت سے نشانہ بنایا گیا اور رہائشیوں نے بھی متعدد دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی ہے۔ دوسری جانب پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

خلاصہ

لائیو کوریج

  1. محدود فوجی طاقت کے باوجود ایرانی حکمت عملی نے کیسے امریکہ پر دباؤ ڈالا؟, بی بی سی کے سکیورٹی امور کے نامہ نگار فرینک گارڈنر کا تجزیہ

    اگرچہ فوجی طاقت کے لحاظ سے ایران امریکہ کا مقابلہ نہیں کر سکتا، لیکن موجودہ صورتحال میں وہ اپنے حریف پر کچھ سٹریٹیجک برتری حاصل کرتا دکھائی دے رہا ہے۔

    ایران ایک بار پھر آبنائے ہرمز کو جہاز رانی کے لیے خطرناک بنا کر دباؤ بڑھا رہا ہے۔ تہران کا مؤقف ہے کہ جہازوں کو اس کے نئے ضوابط پر عمل کرتے ہوئے شمالی راستے سے گزرنا ہوگا، جہاں ان کا معائنہ کیا جائے گا اور ممکنہ طور پر ان سے فیس بھی وصول کی جا سکتی ہے۔

    دوسری جانب ایران خطے میں امریکہ کے عرب اتحادیوں کو، جہاں امریکی فوجی اڈے موجود ہیں، رات کے وقت حملوں کے ذریعے نشانہ بنا رہا ہے۔ بظاہر ایران کے پاس ڈرونز اور میزائلوں کی کمی نہیں، جنھیں وہ ان حملوں میں استعمال کر رہا ہے۔

    اگر امریکہ دوبارہ ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی کرتا ہے تو اس سے پہلے ہی مشکلات کا شکار ایرانی معیشت کو مزید نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    تاہم ایران یہ بھی جانتا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز میں جہاز رانی متاثر ہوتی ہے تو اس کے اثرات صرف ایران تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پوری دنیا کو تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، چار ماہ سے بھی کم عرصے میں ہونے والے امریکہ کے وسط مدتی انتخابات سے قبل یہ صورتحال صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے بھی سیاسی مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔

  2. خلیجی ممالک کی فضائی حدود میں پروازوں کو خطرات لاحق ہیں: ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی

    یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے ایئرلائنز کو بحرین، کویت، قطر، متحدہ عرب امارات کی فضائی حدود اور خلیجِ عمان کے اوپر سے گزرنے والی پروازوں سے متعلق انتباہ جاری کیا گیا ہے۔

    ایجنسی کا کہنا ہے کہ خطے میں ’غیر متوقع فوجی پیش رفت، میزائلوں، ڈرونز، جنگی طیاروں اور فضائی دفاعی نظام کے ممکنہ استعمال کے باعث پروازوں کے لیے خطرات بڑھ گئے ہیں۔‘

    ای اے ایس اے کے مطابق موجودہ صورتحال میں خطے کی فضائی حدود میں پروازوں کو ’زیادہ خطرہ‘ لاحق ہے۔

    ایجنسی نے بتایا کہ یہ تازہ ہدایت نامہ 29 جولائی تک نافذ العمل رہے گا، جبکہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

  3. جنوب مغربی ایران میں مزید دھماکوں کی آوازیں سُنی گئی ہیں: سرکاری میڈیا

    ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق جنوب مغربی ایران میں واقع شہروں ماہشہر اور آبادان کے قریب دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

    خبر رساں ادارے فارس نیوز نے صوبہ خوزستان کے نائب سکیورٹی گورنر ولی اللہ حیاتی کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے یہ اطلاع دی۔

    اس سے قبل مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ امریکی حملوں میں بوشہر کو نشانہ بنایا گیا، جہاں ایران کا واحد سویلین جوہری بجلی گھر واقع ہے۔

    سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق صوبائی نائب گورنر احسان جہانیاں نے بتایا کہ شہر میں چار مقامات کو ’پروجیکٹائلز‘ سے نشانہ بنایا گیا۔

    احسان جہانیاں کے مطابق یہ حملے شہر کے مختلف علاقوں میں کیے گئے۔

  4. انڈیا کی سپریم کورٹ نے تمل ناڈو میں گائے ذبح کرنے پر پابندی کے حکم پر عملدرآمد روک دیا

    انڈیا کی سپریم کورٹ نے پیر کے روز مدراس ہائیکورٹ کے اس حکم پر عمل درآمد روک دیا جس میں تمل ناڈو حکومت کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ ریاست میں کہیں بھی گائے یا بچھڑے کے ذبح کرنے کو یقینی طور پر روکے۔

    سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ تمل ناڈو حکومت کی جانب سے دائر کی گئی اپیل کی سماعت کے دوران سنایا۔ جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس سندیپ مہتا پر مشتمل بنچ نے ریاستی حکومت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے ہائیکورٹ کے اس حصے پر حکمِ امتناع جاری کیا جس میں ریاست بھر میں گائے ذبح کرنے پر مکمل پابندی کی ہدایت دی گئی تھی۔

    تمل ناڈو حکومت نے سپریم کورٹ میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ مدراس ہائیکورٹ کا فیصلہ ’عدالتی قانون سازی‘ کے مترادف ہے اور اس میں داخلی تضادات موجود ہیں۔

    ریاستی حکومت نے تمل ناڈو اینیمل پریزرویشن ایکٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قانون کے تحت 10 سال سے زائد عمر کی گائے کو، اگر انھیں کام یا افزائشِ نسل کے لیے ناکارہ قرار دیا جائے، تو مخصوص شرائط کے تحت ذبح کرنے کی اجازت ہے۔

    حکومت نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا کہ مدراس ہائیکورٹ نے ایک طرف قرار دیا تھا کہ جانوروں کا ذبح صرف منظور شدہ مذبح خانوں میں کیا جا سکتا ہے، جبکہ دوسری جانب مکمل پابندی کا حکم جاری کر دیا جو ایک دوسرے سے متصادم ہے۔

    واضح رہے کہ مدراس ہائیکورٹ کے جسٹس جی آر سوامی ناتھن اور جسٹس وی لکشمی نارائنن پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کوئمبٹور کے رہائشی کے سوریا کی درخواست پر ریاست بھر میں گائے ذبح کرنے پر پابندی کا حکم دیا تھا۔

    درخواست گزار نے الزام عائد کیا تھا کہ مقامی حکام نے عیدالاضحیٰ سے قبل غیر مقررہ مقامات پر گائے ذبح کرنے کی اجازت دی تھی۔

    بعد ازاں ہائیکورٹ نے تمل ناڈو کے چیف سیکریٹری اور ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کو ہدایت دی تھی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ریاست میں کسی بھی مقام پر گائے یا بچھڑے کو ذبح نہ کیا جائے۔

  5. راولا کوٹ میں رینجرز اہلکار کی ہلاکت

    ریڈیو پاکستان کے مطابق پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے شہر راولاکوٹ میں کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مظاہرین کے حملے میں ایک رینجرز اہلکار ہلاک ہوا ہے۔

    ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ’کالعدم قرار دی جانے والی تنظیم ’جوائنٹ ایکشن کمیٹی‘ کے مسلح گروہوں نے منگل کی صبح سکیورٹی فورسز پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں رینجرز اہلکار نائک امتیاز علی ہلاک ہوئے۔‘

    ریڈیو پاکستان پر موجود تفصیلات کے مطابق ’کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مسلح افراد نے راولا کوٹ میں بس ٹرمینل کے قریب شہری علاقے میں فائرنگ کی۔‘

    ’حملے کے بعد مسلح گروہوں نے جدید ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے وہاں موجود پولیس اہلکاروں اور ان کی مدد کے لیے پہنچنے والے رینجرز اہلکاروں کو براہِ راست نشانہ بنایا۔‘

    ریڈیو پاکستان کی جانب سے مزید تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ ’حملہ آوروں کی فائرنگ سے رینجرز کا ایک اہلکار شدید زخمی ہوا جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔‘

    واضح رہے کہ راولاکوٹ میں کالعدم قرار دی جانے والی ’جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی‘ کے مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں 15 جولائی یعنی کل بروز بدھ راولاکوٹ سے مظفرآباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔

    تنظیم نے اس سے قبل نو جون کو بھمبر سے لانگ مارچ شروع کیا تھا، تاہم راولاکوٹ پہنچنے پر انتظامیہ نے شرکا کو آگے بڑھنے سے روک دیا تھا۔ اس کے بعد سے لانگ مارچ کے شرکا راولاکوٹ کے نواحی علاقے دریک عیدگاہ میں دھرنا دیے ہوئے ہیں۔

    پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں کئی ہفتوں سے جاری مظاہروں اور حکومتی کریک ڈاؤن میں اب تک حکام نے کم از کم 18 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جن میں چار پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

  6. پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان، انڈیکس میں 6400 پوائنٹس کی کمی, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان سٹاک ایکسچینج میں منگل کے روز مندی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا۔ مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر انڈیکس میں 6408 پوائنٹس کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد انڈیکس 173518 پوائنٹس کی سطح تک گر گیا۔

    منگل کے روز مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا اور حصص کی فروخت کے رجحان نے مارکیٹ انڈیکس کو دباؤ میں رکھا جس کے بعد انڈیکس 6408 پوائنٹس کمی کے بعد بند ہوا۔

    سٹاک ایکسچینج تجزیہ کاروں کے مطابق جیو پولیٹیکل کشیدگی اور بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے نے مارکیٹ میں منفی رجحان کو فروغ دیا اور سرمایہ کاروں کی جانب سے گھبراہٹ میں حصص کی فروخت کی گئی۔

    تجزیہ کار نوید ندیم نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی نے بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمتوں کو 85 ڈالر فی بیرل سے اوپر پہنچا دیا ہے جس کا منفی اثر سٹاک ایکسچینج میں کاروبار پر مرتب ہوا اور حصص کاروبار دباؤ کا شکار ہوا۔

    انھوں نے جیو پولیٹیکل کشیدگی کی وجہ سے مارکیٹ کے آنے والے دنوں میں بھی دباؤ میں رہنے کا امکان ہے۔

  7. شہباز شریف کا سعودی عرب پر حملے کے بعد ریاض سے اظہار یکجہتی

    وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے سعودی عرب پر ہونے والے حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’پاکستان برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔‘

    ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’گزشتہ رات سعودی عرب کے خلاف کیے گئے کھلے حملوں کی پاکستان سخت مذمت کرتا ہے۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’ایسے قابلِ مذمت اقدامات سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں، جو خطے میں امن اور استحکام کو مزید نقصان پہنچانے کا سبب بن سکتے ہیں۔‘

    شہباز شریف نے مزید کہا کہ ’پاکستان خطے میں امن، استحکام، سلامتی اور باہمی مفاہمت کے فروغ کے لیے تمام مخلصانہ کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔‘

    یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروپ کی جانب سے آج یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ ’اس نے سعودی عرب کے ابھا بین الاقوامی ہوائی اڈے کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔‘

    حوثیوں کے ترجمان یحییٰ سریع نے کہا ہے کہ ’یہ کارروائی سعودی جارحیت، جس نے صنعا بین الاقوامی ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا کے جواب میں کی گئی ہے۔‘

    یاد رہے کہ گذشتہ سال ستمبر میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاملات میں تعاون اور سلامتی سے متعلق ’باہمی دفاع کا سٹریٹجک معاہدہ‘ ہوا تھا جس کے تحت ’کسی ایک ملک کے خلاف بیرونی جارحیت کو دونوں ملکوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔‘

  8. آبنائے ہرمز میں بحری جہاز پر ایرانی حملوں میں انڈین شہری کی ہلاکت پر دلی میں ایرانی سفیر کی طلبی

    انڈیا کی وزارت خارجہ کے مطابق آبنائے ہرمز میں ایرانی حملوں کے نتیجے میں جہاز کے عملے میں شامل ایک انڈین شہری ہلاک اور 10 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

    وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق دو آئل ٹینکرز ’ال بہیہ‘ اور ’مومباسا‘ کو رات کے وقت عمان کے ساحل کے قریب ایرانی کروز میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ان دونوں جہازوں پر مجموعی طور پر 46 افراد موجود تھے۔

    وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ ’ال بہیہ پر سوار 12 انڈین شہریوں میں سے ایک حملے میں ہلاک ہو گیا جبکہ ایک زخمی ہوا۔

    بیان کے مطابق مومباسا پر 18 انڈین شہری سوار تھے، جن میں سے نو افراد زخمی ہوئے، جبکہ ان میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

    انڈین وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ انھوں نے ایرانی ناظم الامور کو طلب کر کے ان حملوں کے خلاف ’سخت احتجاج‘ ریکارڈ کرایا ہے۔

    وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم ان حملوں اور سمندری راستوں سے گزرنے والے افراد کو نشانہ بنانے اور آبنائے ہرمز جیسے بین الاقوامی آبی راستوں میں آزاد اور محفوظ جہاز رانی کو متاثر کرنے والے پرتشدد اقدامات کی سخت مذمت کرتے ہیں۔‘

  9. ایران میں کئی مقامات پر دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، سرکاری میڈیا

    ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق بندر عباس کے قریب کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

    سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے بتایا ہے کہ شہر بوشہر میں چار مقامات کو مختلف سمت سے پروجیکٹائلز سے نشانہ بنایا گیا۔

    خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق مقامی رہائشیوں نے بھی متعدد دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی ہے۔

    اس معاملے پر اب تک امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔

  10. ٹرمپ کا آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے 20 فیصد ٹول وصول کرنے کا اعلان, بی بی سی نیوز کی چیف انٹرنیشنل کارسپانڈنٹ لیز ڈوسیٹ کا تجزیہ

    صدر ٹرمپ نے ایک اور غیر متوقع اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اب آبنائے ہرمز میں 20 فیصد ٹول فیس وصول کرے گا۔

    بین الاقوامی آبی نقل و حمل کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ’اس فیصلے سے پہلے ہی مہنگے سمندری راستے میں اخراجات دگنے ہو سکتے ہیں۔ یہ اعلان اس پالیسی کے بھی خلاف ہے جسے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو بار بار امریکی مؤقف کے طور پر بیان کرتے رہے ہیں، یعنی یہ کہ بین الاقوامی پانیوں میں کوئی بھی ملک ٹول فیس نہیں لے سکتا۔‘

    یہ واضح نہیں کہ یہ اقدام قانونی، سیاسی یا عملی طور پر ممکن بھی ہے یا نہیں۔ ایران نے فوری طور پر صدر ٹرمپ کے بیان کو اپنے اس مؤقف کے حق میں استعمال کیا ہے کہ انھیں اس اہم سمندری راستے پر کسی نہ کسی شکل میں فیس عائد کرنے کا حق حاصل ہے۔

    ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’20 فیصد یقیناً بہت زیادہ ہے، ہم منصفانہ رویہ اختیار کریں گے۔‘ تہران کے لیے اس اہم آبنائے میں اپنی موجودگی ایک ایسا معاملہ ہے جس پر سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔

    گزشتہ روز ایرانی پارلیمنٹ نے اس سمندری گزرگاہ کے انتظام کے لیے ایک ’سٹریٹجک ایکشن‘ نامی منصوبہ پیش کیا۔ قومی سلامتی کمیٹی کے سخت گیر سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا کہ ’ہم اپنی سرخ لکیروں کے دفاع کے لیے ثابت قدم ہیں۔‘

  11. ایران میں امریکی حملوں میں تین افراد ہلاک، ایرانی سرکاری میڈیا کا دعویٰ

    ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پیر اور منگل کی درمیابی شب ایران میں ہونے والے امریکی حملوں میں تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق یہ حملہ ملک کے جنوبی حصے میں واقع صوبہ ہرمزگان میں کیا گیا۔

    سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی نے ٹیلی گرام پر جاری بیان میں کہا کہ ’حملے میں ایک ماحولیاتی ماہر کے خاندان کے افراد ہلاک ہوئے ہیں۔‘

  12. ایران اور امریکہ میں بڑھتی کشیدگی، عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمت 85 ڈالر سے تجاوز کر گئی

    ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے اور منگل کے روز برینٹ خام تیل کی قیمت 85 ڈالر سے تجاوز کر گئی۔

    منگل کو تیل کی قیمتیں تقریباً تین فیصد اضافے کے بعد چار ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

    یہ اضافہ صدر ٹرمپ کے اس اعلان کے بعد سامنے آیا جس میں انھوں نے کہا کہ امریکہ ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی دوبارہ نافذ کرے گا۔

    اسی دوران آبنائے ہرمز میں دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے حملوں نے توانائی کی فراہمی کے حوالے سے خدشات اور غیر یقینی صورتحال میں اضافہ کر دیا ہے۔

    حالیہ مہینوں میں عالمی تھوک منڈیوں میں توانائی کی قیمتوں میں شدید اتار چڑھاؤ دیکھا گیا ہے۔

    رواں سال 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے فوراً بعد تہران نے عملاً آبنائے ہرمز کو بند کر دیا تھا، جس سے عام طور پر دنیا کے تقریباً 20 فیصد تیل اور مائع قدرتی گیس کی ترسیل گزرتی ہے۔

  13. ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ گھنٹوں میں کیا ہوا؟

    • امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایران کے خلاف اپنے حملوں کی موجودہ لہر کے خاتمے کا اعلان کر دیا ہے۔ سینٹکام نے دعویٰ کیا کہ پانچ گھنٹے تک جاری رہنے والے آپریشن میں، امریکی افواج نے بوشہر، چابہار، جسک، کونارک، ابو موسیٰ اور بندر عباس میں فوجی اہداف پر حملہ کیا تاکہ ایران کی تجارتی جہازوں کی آمدورفت پر حملے کی صلاحیت کو کم کیا جا سکے۔
    • پاسداران انقلاب نے منگل کی صبح امریکی حملوں کے جواب میں کارروائی کا اعلان کیا اور دعویٰ کیا کہ اس نے بحرین میں الجفیر بیس پر سیٹلائٹ مواصلاتی مرکز اور امریکی افواج کی رہائش گاہ پر میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ کیا ہے۔
    • اردن کی فوج نے منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ اس نے ایران کی جانب سے داغے گئے چار میزائل مار گرائے ہیں۔
    • خلیج فارس میں دو بحری جہازوں پر ایران کے حملوں میں ایک انڈین شہری ہلاک، آٹھ زخمی ہو گئے۔ یو اے ای کے مطابق حملے کے نتیجے میں آئل ٹینکر مومباسا کے عملے کا ایک رکن، جو انڈین شہری تھا، ہلاک ہو گیا جبکہ مزید آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے چار کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ زخمی ہونے والے چھ افراد کا تعلق انڈیا اور دو کا یوکرین سے ہے۔
    • ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی بڑھنے کے ساتھ ساتھ عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ جاری ہے۔ برینٹ خام تیل کی فی بیرل قیمت تقریباً 84 ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
    • ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران ہمیشہ سے آبنائے ہرمز کا محافظ رہا ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ انھوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایران (ٹول لینے میں) منصفانہ رویہ اختیار کرے گا۔ یاد رہے کہ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ وہ ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی دوبارہ شروع کریں گے اور آبنائے ہرمز سے گزرنے والی تمام کھیپوں پر 20 فیصد ٹیرف عائد کریں گے۔
  14. امریکہ نے گذشتہ رات بوشہر اور چغادک میں دو مقامات پر تین مرتبہ حملہ کیا: گورنر

    ایران میں بوشہر کے گورنر محمد مظفری کا کہنا ہے کہ امریکہ نے گذشتہ رات بوشہر اور چغادک کے اضلاع میں دو مقامات کو تین بار نشانہ بنایا۔

    تاہم ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی جائزوں کے مطابق ان حملوں میں کوئی بھی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔

    امریکی فوج کی مرکزی کمان سینٹکام نے کہا ہے کہ امریکی افواج نے ’بوشہر، چابہار، جاسک، کنارک، ابو موسیٰ اور بندر عباس میں فوجی اہداف‘ کو نشانہ بنایا تاکہ ’تجارتی جہازوں پر حملہ کرنے کی ایران کی صلاحیت کو کم کیا جا سکے۔‘

  15. کوہاٹ: شدید بارش سے مکان منہدم، ملبے تلے دب کر 10 افراد ہلاک, عزیز اللہ، بی بی سی پشاور

    خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ کی تحصیل لاچی کے علاقے مالگین میں شدید بارش اور طوفان کے باعث ایک رہائشی مکان گر گیا، ریسکیو 1122 کے مطابق ملبے تلے دب کر 10 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    ریسکیو 1122 کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور مقامی لوگوں کی مدد سے ملبے میں دبے افراد کو نکالنے کے لیے کارروائی کی۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت متعدد افراد زخمی بھی ہوئے جنھیں ابتدائی طبی امداد دے کر مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

  16. اردن کی فوج کا ایران کی جانب سے داغے گئے چار میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ

    اردن کی فوج نے منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ اس نے ایران کی جانب سے داغے گئے چار میزائل مار گرائے ہیں۔

    فوج نے کہا: ’ایران کی سر زمین سے داغے گئے چار میزائل اردن کی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد تباہ کر دیے گئے۔‘

    ایران کے پاسداران انقلاب نے اپنے تازہ بیان میں اردن کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے اس حملے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ اس نے اردن میں واقع ’ایک ایئر بیس پر امریکی تنصیبات‘ کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔

    گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران ایران نے امریکی حملوں کے ردِعمل میں امریکہ کے اتحادیوں کے خلاف کارروائیاں کی ہیں۔

  17. پاسداران انقلاب کا بحرین میں امریکی اڈے پر جوابی کارروائی کا دعویٰ، شہری پرسکون رہیں، بحرین کی وزارت داخلہ کی اپیل

    منگل کی صبح پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں 24 گھنٹوں میں ہونے والے امریکی حملوں کے جواب میں بحرین میں موجود امریکی اڈے الجفیر کے سیٹلائٹ مواصلاتی مرکز اور امریکی افواج کی رہائش گاہ کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

    یاد رہے اس سے قبل منگل کی صبح آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکروں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جسے ممکنہ طور پر پاسداران انقلاب کی اب تک کی اہم ترین کارروائی قرار دیا جا رہا ہے۔ متحدہ عرب امارات اور بحرین کے مطابق اس واقعے میں ایک شخص ہلاک جبکہ کم از کم آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    پاسداران انقلاب کے قریب سمجھی جانے والی تسنیم خبر رساں ایجنسی نے کویت پر حملوں اور بحرین کے دارالحکومت منامہ میں دھوئیں کے بادل دکھائی دینے کی بھی اطلاع دی ہے۔

    بحرین میں خطرے کے سائرن

    دوسری جانب بحرین میں ایرانی حملوں کے تناظر میں خطرے کے سائرن بجا دیے گئے اور شہریوں اور رہائشیوں سے پرسکون رہنے اور قریبی محفوظ مقام پر جانے کی اپیل کی ہے۔

    بحرین کی وزارت داخلہ نے سوشل پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان کہا کہ ’ہم شہریوں اور رہائشیوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پرسکون رہیں، قریبی محفوظ مقام پر جائیں اور سرکاری چینلز کے ذریعے خبروں پر نظر رکھیں۔‘

  18. کئی ماہ کے وقفے کے بعد ایرانی پارلیمان کے اجلاس کا انعقاد

    ایرانی پارلیمان کی خبر رساں ایجنسی خانہ ملت کے مطابق کئی ماہ کے وقفے کے بعد نائب سپیکر حامد رضا حاجی بابائی کی صدارت میں ایرانی پارلیمان کے ’عوامی اجلاس‘ کا انعقاد کیا گیا۔

    بی بی سی فارسی کی خبر کے مطابق 250 سے زائد ارکان نے اجلاس کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران کے سابق رہبراعلیٰ علی خامنہ ای، جنگ میں ہلاک ہونے والے فوجی کمانڈروں اور سیاسی شخصیات کے قاتلوں سے انتقام لینے کے حق میں نعرے لگائے۔

    پارلیمان نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ ہنگامی یا غیرمعمولی حالات میں پارلیمانی اجلاس بہارستان کے باہر بھی منعقد کیے جا سکیں گے۔

    کئی ماہ کے وقفے کے بعد غیر معمولی وقت پر عوامی اجلاس کے انعقاد نے میڈیا اور عوامی حلقوں میں خاصی توجہ حاصل کی۔

    بی بی سی فارسی کے مطابق اجلاس میں جو غیر معمولی بات تھی وہ ایران کے نئے رہبر مجتبیٰ خامنہ ای کی تصویر کی تنصیب اور سپیکر محمد باقر قالیباف کی ایوان میں عدم موجودگی تھی۔

    اجلاس سے قبل ارکان نے یادگار پر حاضری دے کر سابق رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای اور جنگ میں ہلاک ہونے والی شخصیات کو خراجِ عقیدت پیش کیا جہاں سیاسی اور عسکری شخصیات کی تصاویر کے ساتھ جنگ میں ہلاک ہونے والے بعض بچوں کی تصاویر بھی آویزاں تھیں۔

  19. ایران آبنائے ہرمز کا محافظ ہے اور ہمیشہ رہے گا: عباس عراقچی

    ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران ہمیشہ سے آبنائے ہرمز کا محافظ رہا ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ انھوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایران (ٹول لینے میں) منصفانہ رویہ اختیار کرے گا۔

    ایرانی وزیر خارجہ کا یہ بیان امریکی صدر کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ وہ ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی دوبارہ شروع کریں گے اور آبنائے ہرمز سے گزرنے والی تمام کھیپوں پر 20 فیصد ٹیرف عائد کریں گے۔

    عباس عراقچی نے ٹرمپ کے بیان کے جواب میں ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’امریکی صدر بالکل درست کہتے ہیں۔ جو بھی آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کو محفوظ اور پُرامن گزرگاہ فراہم کرتا ہے اسے اس خدمت کا معاوضہ ملنا چاہیے۔‘

    ساتھ ہی انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’ہم اس معاملے میں منصفانہ رویہ اختیار کریں گے کیونکہ 20 فیصد (فیس) بہت زیادہ ہے۔‘

  20. امریکی فوج نے ایرانی فوجی اہداف پر حملوں کی تازہ لہر مکمل کر لی: سینٹکام

    امریکی سینٹرل کمانڈ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے 13 جولائی کو ایران کے خلاف حالیہ حملوں کی لہر مکمل کر لی ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر موجود بیان میں سینٹکام نے دعویٰ کیا گیا کہ پانچ گھنٹے پر مشتمل اس مشن کے دوران، امریکی افواج نے کامیابی کے ساتھ فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔

    سینٹکام کے مطابق اس مشن کے دوران، امریکی افواج نے ایران میں فوجی اہداف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا جن میں بوشہر، چابہار، جاسک، کنارک، ابو موسیٰ اور بندر عباس شامل ہیں، تاکہ تجارتی جہازرانی پر حملہ کرنے کی ایران کی صلاحیت کو مزید کمزور بنایا جا سکے۔

    سینٹکام کے مطابق امریکی افواج نے ایرانی ساحلی دفاعی نظام، میزائل اور ڈرون تنصیبات، اور بحری صلاحیتوں کے خلاف درست نشانہ لگانے والے ہتھیار استعمال کیے۔

    سینٹکام کے مطابق اس وقت مشرقِ وسطیٰ میں 50 ہزار سے زیادہ امریکی فوجی اہلکار تعینات ہیں۔ امریکی افواج چوکس، مہلک اور ہر وقت تیار ہیں۔