لائیو, سلامتی کونسل کی جانب سے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اراکین نے ایک بیان میں حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب پر کیے جانے والے حملوں کی مذمت کی ہے، جن میں ان کے بقول شہری ہوائی اڈوں اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا۔

خلاصہ

لائیو کوریج

  1. یمنی حکومت کی صدارتی محل پر حوثیوں کے حملے میں پانچ ہلاکتوں کی تصدیق

    یمنی وزیر صحت کے ایک بیان کے مطابق، جمعرات کے روز جنوبی یمن کے شہر عدن میں واقع ’معاشیق‘ صدارتی محل کمپلیکس پر حوثی ’انصار اللہ‘ گروپ کے میزائل حملے میں پانچ افراد ہلاک اور 16 دیگر زخمی ہو گئے۔

    یمن میں لڑائی دوبارہ شروع ہونے کے بعد سے صدارتی محل کو نشانہ بنانے والا یہ پہلا حملہ ہے۔

    یمنی وزارتِ اطلاعات نے بتایا کہ صدارتی محل کے احاطے، جہاں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کا ہیڈ کوارٹر قائم ہے پر ہونے والے اس حملے کے بعد، وزیر اعظم شایع الزندانی اور حکومتی ارکان محفوظ رہے۔

    فرانسیسی خبر رساں ایجنسی نے یمنی حکومت کے ایک وزیر (جنہوں نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کی) کے حوالے سے بتایا کہ حملے کے وقت الزندانی وہاں موجود تھے، لیکن ’انھیں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔‘

  2. سلامتی کونسل کی جانب سے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت

    سلامتی کونسل

    اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اراکین نے ایک بیان میں حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب پر کیے جانے والے حملوں کی مذمت کی ہے، جن میں ان کے بقول شہری ہوائی اڈوں اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا۔

    اراکین نے بحیرۂ احمر اور آبنائے باب المندب میں تجارتی جہازوں کے خلاف حوثیوں کے مسلسل حملوں اور دھمکیوں کی بھی مذمت کی۔

    سلامتی کونسل کے بیان میں تجارتی جہازوں اور ان کے عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

    بیان میں بین الاقوامی قوانین، بالخصوص اقوامِ متحدہ کے سمندری قوانین کے کنونشن کی پابندی اور جہاز رانی کے حقوق اور آزادیوں کے تحفظ کی ضرورت پر بھی تاکید کی گئی۔

    سلامتی کونسل کے اراکین نے اپنے بیان میں کہا کہ یمن میں پائیدار امن تشدد، جبر یا طاقت کے استعمال کے ذریعے حاصل نہیں کیا جا سکتا۔

    انہوں نے یمن کے مسئلے کے سیاسی حل کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس تنازع کا مستقل حل مذاکرات اور سیاسی عمل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

  3. ’ہم کبھی مقابلے سے نہیں ڈرتے‘: ایلون مسک کو ریلائنس کا جواب

    ایلون مسک ، مکیش امبانی

    امریکی کاروباری شخصیت ایلون مسک نے حال ہی میں الزام لگایا تھا کہ سٹارلنک کی انڈیا میں آمد کو روکا جا رہا ہے۔

    انھوں نے مکیش امبانی پر طنز کرتے ہوئے انھیں ’وزیرِ اعظم امبانی‘ تک کہا اور سوال اٹھایا کہ آیا وہ سٹارلنک کو انڈیا میں منصفانہ مقابلے کی اجازت دیں گے یا نہیں۔

    اس کے جواب میں ریلائنس انڈسٹریز نے جمعے کو ایک سرکاری بیان جاری کرتے ہوئے اپنا مؤقف پیش کیا اور کہا کہ وہ کبھی بھی مقابلے سے خوفزدہ نہیں ہوتی۔

    کمپنی نے کہا، ’ہر انڈین کمپنی کی طرح ریلائنس بھی ایسے ملک میں ترقی کرتی رہی ہے جہاں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے ساتھ نئے خیالات کا خیرمقدم کیا جاتا ہے، خاص طور پر ایسے منصوبوں کا جو لوگوں کی زندگی بہتر بنائیں۔‘

    بیان میں کہا گیا، ’یہ آزادی قانون کی حکمرانی پر قائم ہے۔ انڈین حکومت واضح کر چکی ہے کہ ہر درخواست گزار کے لیے ایک ہی طریقۂ کار اپنایا جاتا ہے، چاہے وہ مقامی ہو یا غیر ملکی۔ جیو کی اپنی سیٹلائٹ سروسز بھی تاحال منظوری کی منتظر ہیں۔‘

    ریلائنس نے مزید کہا، ’ہم نے کبھی مقابلے سے خوف محسوس نہیں کیا۔ ہم اسے اس بات کا بہترین پیمانہ سمجھتے ہیں کہ صارفین کو سب سے بہتر خدمات کون فراہم کرتا ہے۔ جیو نے بھی 2016 میں اس وقت بھارتی ٹیلی کام مارکیٹ میں قدم رکھا تھا جب کئی کمپنیاں پہلے سے موجود تھیں۔ اس وقت جیو کے پاس ایک بھی صارف نہیں تھا۔ صرف دس سال میں جیو نے 53 کروڑ سے زائد صارفین کا اعتماد حاصل کیا اور بھارتی عوام کو دنیا کے بہترین ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں سے ایک اور کم ترین قیمت کا ڈیٹا فراہم کیا۔‘

    کمپنی نے کہا کہ وہ اسٹارلنک سمیت سیٹلائٹ مواصلات کے شعبے میں مقابلے کا خیرمقدم کرتی ہے۔

    بیان کے مطابق جیو سمیت تمام کمپنیوں کو بھارتی عوام کو خدمات فراہم کرنی چاہئیں اور ملک کے قوانین اور پالیسیوں کی پابندی کرنی چاہیے۔

  4. دہلی میں این ایس یو آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا

    دہلی میں پارلیمنٹ سٹریٹ پولیس سٹیشن کے باہر احتجاج کرنے والے نیشنل سٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) کے قومی صدر ونود جاکھڑ، کانگریس سیوا دل سے وابستہ بی وی سری نواس اور انڈین یوتھ کانگریس کے صدر ادے بھانو چِب سمیت متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    کچھ کارکنوں کو جمعرات کی رات دیر گئے جبکہ دیگر کو جمعے کی صبح سویرے حراست میں لیا گیا۔

    پی ٹی آئی کے مطابق، کانگریس سے وابستہ طلبہ تنظیم این ایس یو آئی کا کہنا ہے کہ وہ تنظیم کی خواتین کارکنوں کے ساتھ مبینہ تشدد کے معاملے میں ایف آئی آر درج کرنے کے مطالبے کے لیے دھرنا دے رہے تھے۔

    این ایس یو آئی کا الزام ہے کہ دہلی پولیس کی ایک خاتون افسر نے خواتین کارکنوں کے ساتھ بدسلوکی اور تشدد کیا۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ سینئر پولیس حکام کو شکایت دینے کے باوجود اب تک ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔

    ونود جاکھڑ نے کہا، ’ہم نے بدھ کے روز ایڈیشنل ڈی سی پی سے بھی ملاقات کی تھی، لیکن اس کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔‘

    این ایس یو آئی نے خبردار کیا ہے کہ اگر مقدمہ درج نہ کیا گیا تو وہ اپنی احتجاجی تحریک مزید تیز کرے گی۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ اس کے رہنماؤں کو حراست میں لینے سے انصاف کے حصول کے لیے جاری احتجاج نہیں رکے گا۔

    این ایس یو آئی کے الزامات پر دہلی پولیس نے تاحال کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔

  5. ایران کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال نہیں کریں گے: صدر ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے خلاف ’جوہری ہتھیار استعمال نہیں کریں گے‘۔

    انھوں نے نیوزمیکس کو دیے گئے ایک انٹرویو میں یہ بھی واضح کیا کہ وہ ایران میں امریکی زمینی فوجیں بھیجنے کے امکان پر بھی غور نہیں کر رہے۔

    ٹرمپ نے کہا کہ ’میں جوہری ہتھیار استعمال نہیں کروں گا۔ ہمیں اس کی ضرورت نہیں ہے۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ ’مدر آف آل بمبز‘ کے نام سے معروف بم، جس کے بارے میں سی این این نے رپورٹ کیا تھا کہ ممکنہ حملوں میں اس پر غور کیا جا سکتا ہے، ایک انتہائی طاقتور لیکن غیر جوہری ہتھیار ہے۔

    ٹرمپ کے بقول ’یہ صرف ایک بہت بڑا بم ہے، لیکن یہ جوہری نہیں ہے۔‘

    انھوں نے اپنی گفتگو کے ایک اور حصے میں کہا کہ امریکہ جوہری تخفیفِ اسلحہ کے حوالے سے روس اور چین کے ساتھ بھی بات چیت کر رہا ہے۔

  6. سعودی عرب میں امریکی شہریوں کو فضائی سفر سے گریز کی ہدایت

    تصویر

    سعودی عرب میں امریکی سفارت خانے نے امریکی شہریوں کو فضائی سفر کے بجائے ذاتی گاڑیوں، ٹرینوں یا بسوں کے استعمال کا مشورہ دیا ہے۔

    سعودی عرب میں امریکی سفارت خانے نے ایک سکیورٹی الرٹ میں امریکی شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ سعودی ہوائی اڈوں پر ہونے والے حملوں کے پیشِ نظر، ’سعودی عرب آنے یا وہاں سے جانے کے لیے فضائی سفر کے متبادل کے طور پر ذاتی گاڑی، ٹرین یا بس کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔‘

    امریکی سفارت خانے کی جانب سے ایکس پر جاری کیے گئے انتباہ میں امریکی شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ’سعودی سول ڈیفنس کی جانب سے موبائل میسجنگ سسٹم کے ذریعے بھیجے جانے والے قومی انتباہی پیغامات اور ہدایات پر عمل کریں۔‘

    اس میں مزید کہا گیا ہے کہ ’امریکی شہریوں کو ہوائی اڈوں پر حملوں، فضائی حدود کی بندش، پروازوں کی منسوخی اور سفری رکاوٹوں کے امکانات کے بارے میں آگاہ رہنا چاہیے۔‘

    امریکی سفارت خانے نے ڈرون اور میزائل حملوں کے واقعات اور ان کے اثرات والی جگہوں کی تصاویر لینے، ویڈیو بنانے اور ایسی فوٹیج شیئر کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

    سفارت خانے کا کہنا ہے کہ: ’کچھ امریکی شہریوں کو ان ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے جن میں سرکاری عمارتوں، ہوائی اڈوں اور حملوں کے مقامات کی تصاویر لینا شامل ہے۔‘

  7. امریکہ کے سکول میں فائرنگ، تین بچوں اور ایک استاد سمیت پانچ افراد ہلاک

    امریکہ کے اوریگن ریاست می

    امریکہ کے اوریگن ریاست میں واقع سلور ریل ایلیمنٹری سکول میں فائرنگ کے واقعے میں تین بچوں اور ایک استاد سمیت پانچ افراد ہلاک جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔

    پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے پانچ افراد مردہ پائے گئے جن میں مبینہ حملہ آور بھی شامل ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں 5، 8 اور 11 سال عمر کے تین بچے اور ایک استاد شامل ہیں۔

    واقعے میں ایک سات سالہ بچہ اور 54 سالہ استاد شدید زخمی ہوئے جنہیں سینٹ چارلس بینڈ ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرین کے تمام اہل خانہ کو اطلاع دے دی گئی ہے۔

    حکام کے مطابق حملہ آور کی شناخت بینڈ شہر کے 16 سالہ رہائشی کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ ایک مقامی شہری نے مبینہ حملہ آور کو گولی ماری تھی۔

    پولیس کو دوپہر ایک بجے سے کچھ پہلے ایک گاڑی میں موجود شخص کی کال موصول ہوئی جس نے اطلاع دی کہ ایک لمبی بندوق لیے شخص نے اس پر متعدد گولیاں چلائیں۔ اس کے بعد سکول کے اندر سے 911 پر درجنوں کالیں موصول ہوئیں۔

    پولیس افسران تین منٹ کے اندر موقع پر پہنچ گئے، تاہم اس وقت تک سکول لاک ڈاؤن میں جا چکا تھا۔

    مقامی پولیس چیف مائیک کرانٹز نے بتایا کہ فائرنگ میں ’لانگ گن‘ استعمال کی گئی، لیکن فی الحال اس کی درست نوعیت ظاہر نہیں کی جا سکتی۔ انھوں نے کہا کہ ابھی یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ حملہ آور سکول میں کسی کو جانتا تھا یا نہیں۔

    حکام نے کہا ہے کہ واقعے سے متعلق مزید معلومات جمعے کو جاری کی جائیں گی۔

  8. بلوچستان میں رخشاں ڈیویژن کے کمشنر اغوا: سرکاری اہلکار کی تصدیق, محمد کاظم، بی بی سی اردو کوئٹہ

    بلوچستان کے رخشاں ڈویژن کے کمشنر کو جمعرات کو نامعلوم مسلح افراد نے ضلع خاران سے اغوا کرلیا ہے۔ حالیہ کے دوران بلوچستان میں اغوا کا یہ تیسرا ہائی پروفائل واقعہ ہے۔

    بی بی سی کو ایک سینیئر سرکاری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کمشنر کو نامعلوم مسلح افراد نے کوئٹہ سے رخشاں ڈویژن کے ہیڈکوارٹر خاران جاتے ہوئے اغوا کیا۔

    سینیئر سرکاری اہلکار کے مطابق کمشنر اسداللہ کاکڑ ایک اجلاس میں شرکت کے لیے کوئٹہ آئے تھے اور اجلاس میں شرکت کے بعد جمعرات کو خاران کے لیے نکلے تھے۔

    اہلکار کے مطابق اس گاڑی میں ڈرائیور کے علاوہ ایک کلرک اور کیشیئر بھی سفر کررہے تھے۔

    انھوں نے بتایا کہ جب یہ گاڑی ضلع خاران کی حدود میں برشونکی کے علاقے میں پہنچی تو نامعلوم مسلح افراد نے اس علاقے میں گاڑی کو روکا، کلرک اور کیشیئر کو چھوڑ دیا جبکہ کمشنر اور ڈرائیور کو نامعلوم مقام کی جانب لے گئے۔

    خیال رہے کہ 20 ستمبر کو اس علاقے سے خاران کے ڈپٹی کمشنر منیر احمد سومرو کو بھی نامعلوم مسلح افراد نے تین دیگر افراد کے ہمراہ اغوا کرلیا تھا۔

    ڈپٹی کمشنر سمیت دو افراد کو 2 اکتوبر کو رہا کیا گیا تھا، جبکہ گن مین اور ڈرائیور کو پہلے ہی چھوڑ دیا گیا تھا۔

    اس کے بعد ایڈیشنل سیشنز جج پنجگور کو بھی نامعلوم مسلح افراد نے کوئٹہ سے پنجگور جاتے ہوئے ضلع سوراب کے علاقے سے اغوا کیا تھا۔ تاہم اس واقعے کے کچھ روز بعد ایڈیشنل سیشن جج اور ان کے ساتھ اغوا ہونے والے پولیس اہلکار کو چھوڑ دیا گیا تھا۔

  9. اکتوبر میں حوثیوں نے ریاض ایئرپورٹ پر 20 حملے کیے: سعودی فوجی اتحاد

    سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یمن کے حوثیوں نے اکتوبر میں اب تک ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 20 حملے کیے ہیں۔

    جمعرات کو سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ ریاض ایئرپورٹ پر حوثیوں کی جانب سے 7 اور 11 اکتوبر کو کیے گئے حملوں میں17 افراد ہلاک اور 333 لوگ زخمی ہوئے۔

    دوسری جانب بی بی سی عربی کے مطابق سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ میں نائب وزیر برائے پبلک ڈپلومیسی ڈاکٹر راید کریملی کا کہنا ہے کہ حالیہ ہفتوں میں ریاض کی جانب سے کشیدگی کم کرنے کے مقصد سے مسقط میں ملاقات کی درخواست حوثیوں نے مسترد کر دی ہے۔

    انھوں نے ایک ویڈیو بریفنگ کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ حوثیوں سے آخری رابطہ چند ہفتے قبل ہوا تھا، تاہم انھوں نے یہ بھی تصدیق کی کہ گروپ کے ساتھ براہِ راست رابطے کے ذرائع اب بھی کھلے ہوئے ہیں۔

  10. گذشتہ روز کی کی اہم خبروں کا خلاصہ

    • جنوبی یمن کے بندرگاہی شہر عدن میں واقع صدارتی محل پر حوثیوں کے میزائل حملے کے نتیجے میں دو سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ وزیرِ اطلاعات معمر الاریانی نے بی بی سی کو بتایا کہ پانچ بیلسٹک میزائلوں کے المعاشیق محل پر گرنے کے باوجود وزیرِ اعظم اور دیگر وزرا محفوظ رہے، تاہم متعدد دیگر افراد زخمی ہوئے۔
    • سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ کے ایک عہدیدار نے جمعرات کو ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ تہران نہ صرف حوثیوں کی سعودی عرب کے خلاف حالیہ شدت پسند کارروائیوں کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے بلکہ اس گروہ کو اسلحہ اور تربیت بھی فراہم کر رہا ہے۔
    • یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کے حامی فورسز نے جمعرات کو تعز شہر کے مغرب میں واقع جبلِ ہان پر حوثیوں کا ایک حملہ پسپا کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
    • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق امریکی فوجی ماہرِ نفسیات نضال حسن کو فائرنگ سکواڈ کے ذریعے دی جانے والی سزائے موت کی براہِ راست نشر کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ اس فیصلے پر تنقید میں اضافے کے بعد ٹرمپ نے جمعرات کو کہا تھا کہ ’بہت سے نیک نیت اور مخلص لوگ اسے مرتے ہوئے دیکھنا نہیں چاہیں گے۔‘
    • امریکی شہر شکاگو کے قریب واقع ایک ہندو مندر پر فائرنگ کی دھمکیوں کی تحقیقات کے بعد ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس کے مطابق ریاست الینوائے کے شہر پالیٹائن سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ الیگزینڈروس پاپوراکس بدھ کے روز عدالت میں پیش ہوئے
    • پاکستان کے صوبہ پشاور میں جمعرات کی صبح دیر کالونی میں واقع نجی سکول الخیر ایجوکیشن سینٹر کی چھت گرنے کے واقعے میں مرنے والوں کی تعداد 34 ہو چکی ہے۔ ان میں چھ سے 14 سال عمروں کے 33 بچے اور 25 سالہ ٹیچر ثمرین بی بی شامل ہیں۔
    • ایرانی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز صوبہ سیستان بلوچستان میں دو الگ حملوں میں خواتین بسیج فورس کی ایک کمانڈر اور ایک پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
    • پاکستان کی پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں صوبہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی توثیق کردی گئی۔ جمعرات کے روز مشترکہ اجلاس کے دوران خیبر ہختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی توثیق کے حوالے سے قرارداد پیش کی گئی۔