پاکستان کے لیے خطرہ بننے والے شدت پسندوں کے ڈھانچے جہاں کہیں بھی ہوں، ختم کر دیے جائیں گے: فیلڈ مارشل عاصم منیر

،تصویر کا ذریعہX/RadioPakistan
پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس عزہ کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان کے لیے خطرہ بننے والے شدت پسندوں کے ڈھانچے جہاں کہیں بھی ہوں، انھیں ختم کر دیا جائے گا۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی نے پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یہ بات جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں 20 ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے ملاقات اور تبادلہ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی حمایت کے ساتھ بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کو یقینی بنائیں گے۔
انھوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک شدت پسندوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ جہاں کہیں بھی دہشت گردوں کا بنیادی ڈھانچہ ملک اور اس کے عوام کے لیے خطرہ بنے گا، پاکستان اسے ختم کرنے کے لیے اپنے پختہ عزم پر قائم رہے گا۔
آرمی چیف نے الزام لگایا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے عناصر مسلسل بلوچستان میں تشدد کو ہوا دینے، استحکام کو نقصان پہنچانے اور امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کی حمایت کے ساتھ ان مذموم عزائم کو مضبوط اور فیصلہ کن جواب دے کر ناکام بنائیں گی۔




