پاکستان کی جانب سے نوبیل امن انعام کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کی نامزدگی: ’امید ہے اب کی بار صدر ٹرمپ کی کوششوں کو مناسب پذیرائی ملے گی‘

،تصویر کا ذریعہAnadolu via Getty Images
آج (نو اکتوبر کو) نوبل فاؤنڈیشن کی جانب سے نوبل امن انعام کا اعلان کیا جانا ہے۔ اس موقع پر پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کیا تھا۔
شہباز شریف نے اپنے ایکس اکاؤنٹ سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی ایشیا میں امن کو فروغ دینے میں ایک تاریخی کردار ادا کیا۔
’اُن کی بروقت مداخلت نے پاکستان اور انڈیا کو کشیدگی کے دہانے سے واپس لانے اور جنگ بندی یقینی بنانے میں مدد دی، جو آج تک برقرار ہے۔‘
وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں پاکستان نے صدر ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کیا تھا۔
’ہمیں خلوصِ دل سے امید ہے کہ ہمارے خطے میں امن کے فروغ اور تنازعات کی روک تھام کے لیے صدر کی کوششوں کو اس بار مناسب پذیرائی ملے گی۔‘
یاد رہے کہ گذشتہ برس حکومتِ پاکستان نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا پاکستان اور انڈیا کے مابین حالیہ لڑائی کے دوران صدر ٹرمپ کی ’فیصلہ کن سفارتی مداخلت اور قائدانہ کردار‘ کے اعتراف میں انھیں 2026 کے نوبیل امن انعام کے لیے باضابطہ طور پر نامزد کرنے کی سفارش کی ہے۔






