ہنگری میں پولینڈ سے تعلق رکھنے والے سیاحوں سے بھری بس حادثے کا شکار، 12 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

،تصویر کا ذریعہEPA
ہنگری میں پولینڈ سے تعلق رکھنے والے سیاحوں سے بھری ایک بس موٹروے سے پھسل کر کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق یہ حادثہ اتوار کو مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً ایک بجے پیش آیا، جب بس ہنگری کے دارالحکومت بوداپیسٹ کو شمال مشرقی شہر نیریگ ہازا سے ملانے والی ایم تھری موٹروے سے اتر کر کھائی میں جا گری۔
حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ حادثہ ڈرائیور کے بس چلانے کے دوران سو جانے کی وجہ سے پیش آیا۔ تاہم حادثے کے بعد بس ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق بس میں 57 مسافر اور دو ڈرائیور سوار تھے، جن میں سے اب تک امدادی کارکُنان نے 35 افراد کو نکال لیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہEPA
خبر رساں ادارے ایم ٹی آئی کے مطابق امدادی کارکنوں نے کرینوں کے پہنچنے سے قبل 24 ٹن وزنی بس کا پچھلا ایکسل اٹھانے کی کوشش کی تاکہ اس کے نیچے پھنسے افراد کو نکالا جا سکے۔ بعد میں پوری بس کو اٹھانے کے لیے کرینیں استعمال کی گئیں۔
ہنگری کی ایمبولینس سروس کے مطابق 10 شدید زخمی افراد کو فوری طور پر طبی امداد دے کر فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ مزید 37 افراد کو معمولی چوٹیں آئیں۔
ہنگری کے وزیر اعظم پیٹر میگیار نے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔




















