آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

لائیو, ٹرمپ کا دو سے تین دن میں ایران پر حملے کا عندیہ، جنگ کی صورت میں امریکہ کو سرپرائز ملے گا، عباس عراقچی

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ’امریکی کانگریس نے اربوں ڈالر مالیت کے درجنوں طیاروں کی تباہی کا اعتراف کیا ہے، یقین رکھیں کہ میدان جنگ میں واپسی کی صورت میں آپ کو بہت سے سرپرائز ملیں گے‘۔ یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کے پاس کسی معاہدے تک پہنچنے کے لیے ’محدود وقت‘ بچا ہے۔

لائیو کوریج

  1. جنگ میں واپسی کی صورت میں امریکہ کو بہت سے ’سرپرائز‘ ملیں گے: عباس عراقچی کا دعویٰ

    ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران پر دوبارہ فوجی حملہ شروع کرنے کے عندیے کے جواب میں کہا ہے کہ ’یقین رکھیں کہ میدان جنگ میں واپسی کی صورت میں آپ کو بہت سے سرپرائز ملیں گے۔‘

    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ ایران کے پاس کسی معاہدے تک پہنچنے کے لیے ’محدود وقت‘ بچا ہے کیونکہ امریکہ اسے ’جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دے سکتا۔معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں امریکہ دوبارہ ایران پر حملہ کر سکتا ہے۔‘

    عباس عراقچی نے ٹرمپ کی دھمکی آمیز بیان کے بعد جوابی بیان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر دیا جس میں کہا ہے کہ ’ایران کے خلاف جنگ شروع ہونے کے چند ماہ بعد امریکی کانگریس نے اربوں ڈالر مالیت کے درجنوں طیاروں کی تباہی کا اعتراف کیا ہے۔ ‘

    عباس عراقچی کے مطابق ’اب یہ باضابطہ طور پر تصدیق ہو گئی ہے کہ ہماری طاقتور مسلح افواج دنیا کی پہلی طاقت تھی جس نے جدید اور مشہور F-35 لڑاکا طیارے کو مار گرایا۔"

    اس پوسٹ کے آخر میں انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’ہم نے جو سیکھا اور جو علم ہم نے حاصل کیا ہے اس کے ساتھ، یقین رکھیں کہ میدان جنگ میں واپسی اور بھی بہت سی حیرتیں ساتھ لائے گی۔‘

    منگل کو واشنگٹن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے خبردار کیا کہ معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں امریکہ دوبارہ ایران پر حملہ کر سکتا ہے۔

    یاد رہے کہ منگل کو واشنگٹن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے خبردار کیا کہ ’ مزید کہا کہ ’ایران کے پاس دو، تین دن اور ہیں، شاید جمعے، سنیچر اور اتوار یا اگلے ہفتے کی ابتدا تک کا وقت ہے۔‘

    خیال رہے صدر ٹرمپ نے گذشتہ روز کہا تھا کہ انھوں نے منگل کو ایران پر حملہ کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا، تاہم سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر کے رہنماؤں کی درخواست پر انھوں نے اسے مؤخر کیا۔

  2. لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 19 افراد ہلاک: لبنانی وزارت صحت

    لبنانی وزارت صحت کے مطابق منگل کے روز جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 19 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    یاد رہے کہ جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود حزب اللہ اور اسرائیلی فورسز کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

    لبنانی وزارت صحت کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ضلع طائر پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 10 افراد ہلاک ہوئے، جن میں تین بچے اور تین خواتین بھی شامل ہیں، جبکہ ایک بچے سمیت تین افراد زخمی ہوئے۔‘

    وزارت کے مطابق دیگر اضلاع میں حملوں کے دوران ایک خاتون سمیت نو افراد ہلاک اور 29 زخمی ہوئے۔

    دوسری جانب حزب اللہ نے کہا کہ اس کے جنگجو جنوبی لبنان میں اسرائیلی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں مصروف ہیں۔

    لبنانی حکام کے مطابق، 2 مارچ سے لبنان میں اسرائیلی حملوں میں 3,000 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    یاد رہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ اسرائیل اور لبنان نے 10 روزہ جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا۔ جنگ بندی کی شرائط میں ابتدائی طور پر 10 روزہ جنگ بندی کا ذکر تھا اور کہا گیا تھا کہ مذاکرات میں پیش رفت کی صورت میں اس میں مزید توسیع بھی ہو سکتی ہے۔

    امریکہ محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں اسرائیل اور لبنان کی جنگ بندی کے متعدد نکات میں یہ شرط موجود تھی کہ کسی بھی منصوبہ بندی کے تحت یا فوری حملے کی صورت میں ’اسرائیل کے دفاع کا حق‘ برقرار رکھا جائے گا۔

    امریکی محکمہ خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ یہ جنگ بندی اسرائیل کی جانب سے ’خیر سگالی کا مثبت اشارہ‘ اور ’اچھی نیت‘ کے ساتھ ایک مستقل اور دیرپا امن معاہدے کی کوششوں کا سلسلہ ہے۔

  3. امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات میں ’کافی پیش رفت‘ ہوئی ہے: جے ڈی وینس

    امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے منگل کے روز کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات میں ’کافی پیش رفت‘ ہوئی ہے اور دونوں فریق فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع نہیں کرنا چاہتے۔

    بی بی سی فارسی کے مطابق، وینس نے وائٹ ہاؤس میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ کافی پیش رفت ہو چکی ہے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں لگتا ہے کہ ایرانی ایک معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔‘

    اُنھوں نے مزید کہا کہ اُن کی حال ہی میں ڈونلڈ ٹرمپ سے بات ہوئی ہے اور امریکی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ کے لیے اصل مسئلہ یہ ہے کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکے۔

    وینس کا کہنا تھا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ جوہری ہتھیار رکھنے والے ممالک کی تعداد محدود رکھی جائے، اور اسی لیے ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہییں۔‘

    امریکی نائب صدر نے یہ بھی کہا کہ اُن کا ملک چاہتا ہے کہ ایران امریکہ کے ساتھ ایسے عمل میں شامل ہو جو یہ یقینی بنائے کہ آنے والے برسوں میں تہران دوبارہ جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت حاصل نہ کر سکے۔

  4. گزشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ

    بی بی سی اردو کی لائیو کوریج جاری ہے۔ بدھ کے روز خبروں کا سلسلہ آگے بڑھانے سے پہلے ہم آپ کے لیے گزشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ شامل کر رہے ہیں۔

    • متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ 17 مئی کو براکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ پر ہونے والے ڈرون حملے کی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ اس واقعے میں شامل تینوں یو اے ویز عراق سے بھیجے گئے تھے۔
    • بلوچستان کے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کے تحفظ کے لیے متعدد فیصلے کیے گئے۔
    • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کے پاس کسی معاہدے تک پہنچنے کے لیے ’محدود وقت‘ بچا ہے کیونکہ امریکہ اسے ’جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دے سکتا۔‘ منگل کو واشنگٹن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے خبردار کیا کہ معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں امریکہ دوبارہ ایران پر حملہ کر سکتا ہے۔
    • پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’آپریشن غضب للحق پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری ہے تاکہ افغان طالبان سے وابستہ دہشت گرد پراکسیز کے خلاف معصوم شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور معاونت فراہم کرنے والے ڈھانچوں کو سخت سزا دی جا سکے۔‘
    • پاکستان کے صوبہ سندھ کے شمالی ضلع گھوٹکی میں ایک خاتون سے مبینہ اجتماعی ریپ کرنے کا مقدمہ پانچ ملزمان کے خلاف درج کر لیا گیا ہے تاہم پولیس کا کہنا ہے اس کیس میں تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔
    • کراچی میں فلاحی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کے بیٹے سعد ایدھی کی اسرائیلی فوج کے ہاتھوں گرفتاری کے خلاف خاندان اور مزدور تنظیموں کی جانب سے پریس کلب کے باہر احتجاج کیا گیا۔
    • فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ’پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، منفی پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والی دشمن قوتیں ناکام ہوں گی۔
    • ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے جرمنی کے چانسلر کے اس الزام کی تردید کی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایران کا متحدہ عرب امارات کے ایک جوہری پلانٹ کے قریب ہونے والے حملے میں کردار تھا۔
    • عالمی ادارہ صحت کے ایک ڈاکٹر نے خبردار کیا ہے کہ کانگو میں ایبولا وائرس پہلے اندازے سے زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اس وبا سے اب تک کم از کم 131 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
  5. بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید

    بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ یہاں آپک ے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبریں اور تجزیے شامل کیے جاتے ہیں۔

    اگر آپ 19 مئی کی خبریں پڑھنا چاہیں تو اس لنک پر کلک کریں۔