سری لنکا آنے والے ’تولیوں میں چھپی‘ آئس کی بڑی کھیپ ضبط، دو پاکستانی شہری گرفتار

وقت اشاعت
مطالعے کا وقت: 4 منٹ

سری لنکا میں امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ کولمبو میں ایک مشترکہ کارروائی کے دوران پاکستان سے آنے والی کرسٹل میتھ یا ’آئس‘ کی کھیپ کو ضبط کر لیا گیا ہے۔ جبکہ سری لنکن پولیس نے اس سلسلے میں دو پاکستانی شہریوں کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔

ایک بیان میں امریکی سفارتخانے نے کہا کہ ’امریکہ کے ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن (ڈی ای اے) کے نئی دہلی کنٹری آفس اور سری لنکا کے پولیس نارکوٹکس بیورو (پی این بی) نے ایک کامیاب مشترکہ کارروائی کی، جس میں پاکستان میں قائم ایک منشیات سمگلنگ نیٹ ورک کو ناکام بنایا گیا جو کرسٹل میتھ کو سری لنکا کے راستے بین الاقوامی منڈیوں تک سمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔‘

امریکی اور سری لنکن حکام کے مطابق یہ منشیات ’تولیوں میں چھپائی گئی تھیں‘ اور اس سلسلے میں پاکستانی شہریوں سمیت کئی مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

امریکی حکام کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان سے کولمبو آنے والے مشتبہ بحری کنٹینرز کے بارے میں 14 سے 29 اگست کے درمیان حاصل کی گئی انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کی گئی جس دوران ’پی این بی نے تقریباً 463 کلوگرام کرسٹل میتھ ضبط کی جس کی مالیت 2 کروڑ 10 لاکھ ڈالر ہے۔‘

بی بی سی نے منشیات کے اس پاکستانی نیٹ ورک اور کولمبو میں ہونے والی کارروائی کے بارے میں جاننے کے لیے پاکستان کی اینٹی نارکوٹیکس فورس (اے این ایف) سے رابطہ کیا ہے تاہم اب تک ان کی طرف سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

کولمبو میں کارروائی کے بارے میں کیا بتایا گیا؟

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کولمبو کی مقامی پولیس نے بدھ کو بتایا کہ امریکہ اور سری لنکا کے انسدادِ منشیات اہلکاروں نے ایک پاکستانی منشیات نیٹ ورک کو نشانہ بنانے کے لیے مشترکہ کارروائی کے بعد تقریباً نصف ٹن کرسٹل میتھ ضبط کی۔

پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل اشوکا دھرماسینا نے صحافیوں کو بتایا کہ مصنوعی منشیات کے 463 کلوگرام ایک شپنگ کنٹینر سے ضبط کیے گئے جو ہفتے کے اختتام پر کولمبو پہنچا تھا۔ جبکہ دو پاکستانی شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

کولمبو میں امریکی سفارت خانے نے کہا کہ دو کروڑ 10 لاکھ امریکی ڈالر مالیت کی منشیات، جو تولیوں میں چھپائی گئی تھیں، سری لنکا کے راستے بین الاقوامی منڈیوں میں سمگل کی جانی تھیں۔

سفارت خانے نے ایک بیان میں کہا کہ امریکہ کے ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن کے دفتر اور سری لنکا پولیس نارکوٹکس بیورو نے 14 اگست سے 29 اگست کے درمیان پاکستان سے آنے والے شپنگ کنٹینرز کی نگرانی کے بعد یہ مشترکہ کارروائی کی۔

امریکی حکام کے مطابق یہ کارروائی ’بین الاقوامی جرائم پیشہ تنظیموں کو توڑنے میں امریکہ اور سری لنکا کی شراکت داری کی مضبوطی کو اجاگر کرتی ہے، جو دہشت گردی کے لیے مالی وسائل فراہم کرتی ہیں اور ہمارے دونوں ممالک میں برادریوں کے لیے خطرہ بنتی ہیں۔‘

ادھر دھرماسینا نے کہا کہ میتھ کی حالیہ ضبطی کے سلسلے میں ایک مقامی شخص کو بھی گرفتار کیا گیا ہے اور انھوں نے تصدیق کی کہ یہ کارروائی ’اطلاع‘ ملنے کے بعد کی گئی۔

انھوں نے مزید کہا کہ اکتوبر سے جاری سری لنکا کی انسدادِ منشیات مہم کے نتیجے میں تقریباً 14 ٹن غیر قانونی منشیات ضبط کی جا چکی ہیں۔

اس ضبط شدہ کھیپ میں کرسٹل میتھ، جسے آئس بھی کہا جاتا ہے، ہیروئن اور کوکین شامل ہیں۔

سری لنکا کے وزیرِ عوامی تحفظ آنندا وجے پالا نے پارلیمان کو بتایا کہ زیادہ تر غیر قانونی منشیات افغانستان اور پاکستان سے آتی ہیں اور سمندر کے راستے جزیرے میں سمگل کی جاتی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ دو کروڑ 20 لاکھ آبادی والے اس جزیرائی ملک میں منشیات استعمال کرنے والوں کی تعداد تقریباً چار لاکھ ہے۔

اکتوبر 2024 میں سری لنکا کی ایک عدالت نے 10 ایرانی افراد کو ہیروئن سمگلنگ کا جرم قبول کرنے کے بعد عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

سری لنکا میں منشیات کی سب سے بڑی واحد ضبطی دسمبر 2016 میں ہوئی تھی، جب کسٹمز حکام نے لکڑی کے ایک شپنگ کنٹینر میں 800 کلوگرام کوکین برآمد کی تھی جو انڈیا بھیجا جا رہا تھا۔