آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

لائیو, ایران کے اسرائیل پر میزائل حملوں کے بعد اسرائیل کی جوابی کارروائی: مغربی اور وسطی ایران میں فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا، آئی ڈی ایف

اسرائیل نے ایران کی جانب سے بیلسٹک میزائل داغے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران سے داغے گئے تمام میزائل روک لیے ہیں، اور اسی کے ساتھ اسرائیلی دفاعی افواج نے ایران کے مغربی اور وسطی علاقوں میں فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

خلاصہ

  • اسرائیل کے مغربی اور وسطی ایران پر فضائی حملے، آئی ڈی ایف کا فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
  • ایران نے حملہ کر کے ’سنگین غلطی‘ کی ہے: اسرائیلی فوج
  • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے مذاکرات کی میز پر واپس آنے کا مطالبہ کیا ہے
  • ایران کے پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ 'یہ کارروائی عارضی نہیں بلکہ مسلسل حملوں کے ایک مکمل ہفتے کا آغاز ہے۔
  • پاکستانی ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے، لیکن اصل مسئلہ متضاد امریکی بیانات ہیں: ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ
  • پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی وزیرستان کے ضلع میران شاہ میں شدت پسندوں کے مختلف ٹھکانوں پر کارروائی کے دوران 27 شدت پسند مارے گئے ہیں

لائیو کوریج

  1. تہران، تبریز اور اصفہان میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، ایرانی سرکاری ٹی وی

    اسرائیل کی جانب سے مغربی اور وسطی ایران پر حملوں کے دعوؤں کے بعد ایرانی سرکاری ٹی وی نے تین شہروں میں دھماکوں کی اطلاع دی ہے۔

    سرکاری ٹی وی نے ٹیلیگرام پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ’تہران، تبریز اور اصفہان میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔‘

    اطلاعات کے مطابق وسطی شہر کرج کے قریب بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

  2. ایران کے اسرائیل پر میزائل حملوں کے بعد تیل کی قیمتوں میں تیزی

    ایشیائی منڈیوں میں سوموار کی صبح کاروبار کے دوران تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    یہ اضافہ اپریل میں ایران اور امریکہ، اسرائیل کے درمیان ہونے والی جنگ بندی کے بعد پہلی بار تہران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل داغے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔

    برینٹ کروڈ کی قیمت 2.6 فیصد اضافے کے ساتھ 95.50 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ امریکہ میں ٹریڈ ہونے والا خام تیل 2.5 فیصد بڑھ کر 92.75 ڈالر کا ہو گیا ہے۔

    اپریل میں جنگ بندی کے بعد سے توانائی کی قیمتوں میں شدید اتار چڑھاؤ دیکھا گیا ہے۔

    گذشتہ ہفتے کے دوران قیمتیں تقریباً 95 ڈالر کے آس پاس رہی ہیں کیونکہ تاجر عالمی توانائی کی ترسیل پر جنگ کے طویل المدتی اثرات کا اندازہ لگا رہے ہیں۔

  3. اسرائیل کا مغربی اور وسطی ایران میں عسکری اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

    اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کے مغربی اور وسطی علاقوں میں عسکری اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

    اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) نے ٹیلیگرام پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ’کچھ دیر قبل اسرائیلی فضائیہ نے مغربی اور وسطی ایران میں ایرانی دہشت گرد حکومت سے وابستہ عسکری اہداف کو نشانہ بنایا۔‘

    حملوں میں جانی نقصان یا ان کے درست مقامات کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل امریکہ کی ایران کے ساتھ اپریل میں ہونے والی جنگ بندی کے بعد پہلی بار ایران نے گذشتہ روز اسرائیل پر میزائل حملے کیے تھے۔

    ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دھمکی دی ہے کہ حملہ ’لگاتار حملوں کے ایک مکمل ہفتے‘ کا آغاز ہے۔

    دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے مذاکرات کی میز پر واپس آنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    امریکی ٹیلی ویژن نیٹ ورک فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے لیے ایک پیغام شیئر کیا کہ ’ایران نے اپنے میزائل داغے ہیں، یہ کافی ہے۔ مذاکرات کی میز پر واپس جئیں اور معاہدہ کریں۔‘

  4. تہران کے امام خمینی ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن معطل

    ایران اور اسرائیل کے درمیان نئے سرے سے فوجی تنازع عروج پر پہنچنے کے خدشات کے ساتھ، ایرانی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن نے اعلان کیا ہے کہ امام خمینی ہوائی اڈے پر تمام پروازیں پیر آٹھ جون کی صبح سے اگلے اطلاع تک معطل کر دی جائیں گی۔

    تنظیم کے اعلان میں کہا گیا ہے کہ ’مسافروں کو ہوائی اڈے پر جانے سے گریز کرنا چاہیے اور مزید خبروں کے لیے سرکاری حکام سے فالو اپ کرنا چاہیے۔‘

    اس سے قبل عراق نے ایران اور اسرائیل کے درمیان تنازع بڑھنے کے پیش نظر اپنی فضائی حدود 72 گھنٹے کے لیے بند کر دی ہے۔

  5. دونوں طرف سے کارروائی ہو چکی ہے مزید حملے کی ضرورت نہیں: ٹرمپ کی نیتن یاہو کو ایران کے خلاف جوابی کارروائی سے گریز کی ہدایت

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ایرانی میزائل حملوں کے جواب میں کارروائی نہ کرنے کا کہیں گے۔

    امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوس سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ فوری طور پر نیتن یاہو کو فون کریں گے اور انھیں جوابی حملے سے باز رہنے کا مشورہ دیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’دونوں طرف سے کارروائی ہو چکی ہے۔ اسرائیل نے اپنا حملہ کیا اور ایران نے اپنا۔ ہمیں مزید کسی کی ضرورت نہیں۔‘

    صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ امریکہ ایران کے ساتھ ایک حتمی معاہدے کے قریب ہے اور وہ نہیں چاہتے کہ موجودہ صورتحال اس عمل کو متاثر کرے۔

    انھوں نے کہا کہ ہم ایران کے ساتھ ایک حتمی معاہدے کے بہت قریب ہیں۔ یہ ایک اچھا معاہدہ ہوگا، اور میں نہیں چاہتا کہ یہ موجودہ حالات کی وجہ سے ناکام ہو جائے۔‘

    ٹرمپ کے مطابق اگر اسرائیل نے جواب دیا تو یہ تنازع طویل عرصے تک جاری رہ سکتا ہے۔

    دوسری جانب ایکسیوس کے رپورٹر باراک راوِد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ نیتن یاہو سے رابطہ کر چکے ہیں۔

  6. گذشتہ روز کی چند اہم خبریں

    آج کے دن میں آگے بڑھنے سے قبل آئیے گذشتہ روز کی چند اہم خبروں پر ایک نظر ڈالتے ہیں:

    • ایران نے جب شمالی اسرائیل پر میزائل حملہ کیا اور اسرائیل اور ایران کے درمیان وسیع پیمانے پر فوجی تنازع شروع ہونے کے خدشات بڑھ گئے تو اس کے ساتھ ہی عراق نے اپنی فضائی سرحدیں 72 گھنٹے (اگلے تین دن) کے لیے بند کرنے کا اعلان کر دیا۔
    • اسرائیلی دفاعی افواج کے ترجمان ایفی ڈیفرین نے ایران کے حملوں پر کچھ دیر قبل محتصر پیغام جاری کیا ہے کس میں ایران نے ’سنگین غلطی‘ کی ہے۔
    • ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ آج رات اسرائیل پر ہونے والے حملے ’انتباہ‘، کے طور پر تھے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر اسرائیل کی ’جارحانہ کارروائیاں‘ دہرائی گئیں تو جواب مزید بڑا‘ ہوگا اور خطے میں امریکہ اور اسرائیل کے ’تمام‘ اہداف کو شامل کرے گا۔
  7. بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید

    بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں آپ سب کو خوش آمدید!

    اس صفحے پر ہم آپ کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر سے تازہ اور اہم خبریں و تجزیے شامل کرتے ہیں۔ اگر آپ گذشتہ روز کی خبریں پڑھنا چاہیں تو اس لنک پر کلک کریں۔