روس کبھی بھی ایران کے ساتھ تعاون ترک نہیں کرے گا: روسی وزیرِ خارجہ کی تہران میں نیوز کانفرنس
روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ روس ایران کے ساتھ تعاون ترک نہیں کرے گا۔
پیر کو تہران میں ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے روسی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران اور روس کے درمیان سٹریٹجک تعاون میں اضافہ ہو رہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ روس دونوں ممالک کے مشترکہ سٹریٹجک معاہدے کے حوالے سے مکمل طور پر پرعزم ہے اور ماسکو کبھی بھی ایران کے ساتھ تعاون ترک نہیں کرے گا۔
روسی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ اُنھوں نے ایران کو خوراک اور طبی امداد کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسعود پزشکیان ماسکو میں ہونے والی گیس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
اس موقع پر ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ مشرقِ وسطیٰ کے مسائل کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔
اُنھوں نے خطے میں عدم تحفظ کی وجہ امریکہ، ایران کے ساتھ جنگ اور بحری ناکہ بندی کو قرار دیا۔
عباس عراقچی نے کہا کہ اُنھوں نے روسی وزیرِ خارجہ کے ساتھ آبنائے ہرمز اور خلیج فارس کی صورتحال پر گفتگو کی ہے۔